آئی جی خیبرپختونخوا کا دورہ سوات، پولیس سہولت مرکز کبل کا افتتاح
انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبرپختونخوا ذوالفقار حمید نے ضلع سوات کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے تحصیل کبل میں جدید سہولیات سے آراستہ پولیس سہولت مرکز کا باقاعدہ افتتاح کر دیا۔ افتتاحی تقریب میں ریجنل پولیس آفیسر ملاکنڈ زاہد نواز مروت، ڈی پی او سوات محمد عمر خان، پولیس افسران، علاقہ عمائدین اور میڈیا نمائندوں نے شرکت کی۔ سوات پہنچنے پر آر پی او ملاکنڈ نے آئی جی پی کا استقبال کیا جبکہ بچیوں نے انہیں پھولوں کے گلدستے پیش کیے۔
افتتاح کے بعد آئی جی پی نے پولیس سہولت مرکز کے مختلف حصوں کا معائنہ کیا اور شہریوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات کے بارے میں آگاہی حاصل کی۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا پولیس عوام کو مختلف خدمات ایک ہی چھت تلے فراہم کرنے کے لیے صوبے بھر میں تحصیل کی سطح پر جدید پولیس سہولت مراکز قائم کر رہی ہے۔
ذوالفقار حمید کا کہنا تھا کہ ان مراکز کا مقصد شہریوں کو فوری، شفاف اور معیاری پولیس خدمات فراہم کرنا، پولیس پر عوام کا اعتماد بڑھانا اور عوام دوست پولیسنگ کو فروغ دینا ہے۔ ان کے مطابق پولیس سہولت مراکز اب تک سینکڑوں شہریوں کو معیاری خدمات فراہم کر چکے ہیں اور یہ سلسلہ مستقبل میں بھی جاری رہے گا۔
پولیس سہولت مرکز کبل میں شہریوں کو پولیس کلیئرنس سرٹیفکیٹ، ویزا و ٹریول کلیئرنس، ایمپلائمنٹ ویریفیکیشن، کرایہ داروں کا اندراج، گمشدگی کی رپورٹ، موبائل ٹریسنگ، لاء اینڈ ٹریفک انفارمیشن اور روزنامچہ کی کاپی سمیت متعدد سہولیات ایک ہی پلیٹ فارم پر دستیاب ہوں گی۔ آئی جی پی نے عملے کو ہدایت کی کہ شہریوں کے ساتھ احترام اور شائستگی سے پیش آئیں۔








