رائیونڈ تبلیغی اجتماع کی اختتامی دعا، کل صبح 6 سے دوپہر ایک بجے تک اہم راستے بند رہیں گے
لاہور میں رائیونڈ عالمی تبلیغی اجتماع کی اختتامی دعا اور شرکاء کی واپسی کے پیش نظر کل صبح 6 بجے سے دوپہر ایک بجے تک رائیونڈ جانے والے تمام اہم راستے ٹریفک کے لیے بند رہیں گے۔ ٹریفک پولیس نے شہریوں کو اس دوران رائے ونڈ روڈ پر سفر سے گریز کرنے کی ہدایت کی ہے۔
چیف ٹریفک آفیسر لاہور سید عبدالرحیم شیرازی کے مطابق اختتامی دعا کے موقع پر رائے ونڈ سٹی آنے والی شاہراہوں پر شرکاء کی گاڑیوں کو یکطرفہ چلایا جائے گا، جبکہ رائے ونڈ جانے والی ٹریفک معطل رہے گی۔ پاجیاں موڑ، قزلباش چوک، موٹروے اور ٹھوکر نیاز بیگ تک رائے ونڈ روڈ پر دونوں اطراف یکطرفہ ٹریفک چلائی جائے گی۔ بھوبتیاں چوک سے موہلنوال، سندر روڈ، مانگا روڈ، کوٹ رادھا کشن روڈ اور صوئے آصل روڈ پر بھی خصوصی ٹریفک پلان نافذ ہوگا۔
حکام کے مطابق انخلاء کے دوران موٹروے اور رنگ روڈ سے رائے ونڈ کی جانب ٹریفک کو اترنے کی اجازت نہیں ہوگی۔ شرکاء کی واپسی کے لیے پہلے موٹرسائیکل اور رکشہ اسٹینڈز، پھر کار اور ویگن اسٹینڈز جبکہ آخر میں بس اور ٹرک اسٹینڈز خالی کروائے جائیں گے۔ ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے اضافی وارڈنز بھی تعینات کیے گئے ہیں۔
دوسری جانب ڈپٹی کمشنر لاہور کیپٹن (ر) محمد علی اعجاز نے اجتماع گاہ کا دورہ کرکے انتظامات کا جائزہ لیا۔ انتظامیہ کے مطابق اجتماع میں 109 ممالک کے زائرین شریک ہیں۔ طبی سہولیات، پارکنگ اور صفائی کے انتظامات یقینی بنانے کی ہدایات بھی جاری کی گئی ہیں۔
شہری ٹریفک رہنمائی کے لیے ہیلپ لائن 15 پر رابطہ کر سکتے ہیں، جبکہ اجتماع کا دوسرا مرحلہ 12 نومبر سے شروع ہوگا۔








