وزیراعظم شہباز شریف کا پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزید کمی کا اشارہ
وزیراعظم شہباز شریف نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزید کمی کا اشارہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت عوام کو مہنگائی سے نجات دلانے اور انہیں ریلیف فراہم کرنے کے لیے اقدامات جاری رکھے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بتدریج کمی کی جا رہی ہے اور ان شاء اللہ عوام کو مزید ریلیف فراہم کیا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف سے پاکستان مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما خواجہ احمد حسان نے لاہور کے علاقے ماڈل ٹاؤن میں ملاقات کی، جس کے دوران ملک کی مجموعی سیاسی اور معاشی صورتحال سمیت عوامی ریلیف کے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر خواجہ احمد حسان نے پیٹرولیم سبسڈی کے ذریعے عام عوام کو بلاتفریق ریلیف فراہم کرنے کے حکومتی اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس پالیسی سے براہ راست کروڑوں شہری مستفید ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوامی فلاح و بہبود کے لیے اربوں روپے کی ادائیگیاں کی گئی ہیں، جسے عوام کی جانب سے بھی پذیرائی مل رہی ہے۔
ملاقات کے دوران خواجہ احمد حسان نے عالمی سطح پر جنگی تنازعات کے سفارتی حل کے لیے وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کی کوششوں کو بھی سراہا اور کہا کہ ان سفارتی کاوشوں کو عالمی سطح پر پذیرائی حاصل ہوئی ہے۔








