تھرپارکر کو آفت زدہ ضلع قرار دینے کا فیصلہ، 90 فیصد فصلیں متاثر
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے خشک سالی کی سنگین صورتحال کے پیش نظر تھرپارکر کو آفت زدہ ضلع قرار دینے کا فیصلہ کر لیا۔ وزیراعلیٰ کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ ضلع کے تمام سات تعلقوں میں خشک سالی جیسی صورتحال ہے، جبکہ بارشیں معمول سے انتہائی کم ہونے کے باعث زرعی شعبہ شدید متاثر ہوا ہے۔
بریفنگ کے مطابق تھرپارکر میں 85 سے 90 فیصد فصلیں تباہ یا غیر پیداواری ہو چکی ہیں، جبکہ محکمہ زرعی توسیع نے فصلوں کو تقریباً 90 فیصد نقصان پہنچنے کی تصدیق کی ہے۔ ستمبر 2026 کے دوران ضلع کے ساتوں تعلقوں میں صرف ایک سے 36 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، جس کے باعث فصلیں اور قدرتی گھاس پکنے سے پہلے ہی خشک ہو گئیں۔
وزیراعلیٰ مراد علی شاہ نے خشک سالی سے نمٹنے کے لیے فوری اقدامات کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ متاثرہ علاقوں میں پینے کے صاف پانی کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔ انہوں نے غیر فعال آر او پلانٹس کی فوری مرمت اور پانی کی فراہمی کے موجودہ ذرائع بحال کرنے کا حکم بھی دیا۔
مراد علی شاہ نے چیف سیکرٹری سندھ کو نؤکوٹ سے مٹھی تک پانی کی لائن بچھانے کے منصوبے کی فزیبلٹی کا جائزہ لینے اور طویل المدتی منصوبہ بندی کی ہدایت کی۔ انہوں نے مویشیوں کو خشک سالی سے بچانے کے لیے بھی سفارشات طلب کر لیں۔
وزیراعلیٰ سندھ نے یقین دہانی کرائی کہ حکومت متاثرہ عوام کو تنہا نہیں چھوڑے گی اور امدادی سرگرمیوں کی مسلسل نگرانی کی جائے گی۔








