ریاض میں فضائی خطرے کا ہنگامی الرٹ، شہریوں کو گھروں میں رہنے کی ہدایت

ریاض میں فضائی خطرے کا ہنگامی الرٹ، شہریوں کو گھروں میں رہنے کی ہدایت

سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں اچانک فضائی خطرے سے متعلق ہنگامی الرٹ جاری کیا گیا، جس کے بعد شہریوں کو گھروں کے اندر رہنے اور محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایت کی گئی، تاہم چند منٹ بعد یہ الرٹ واپس لے لیا گیا۔

رپورٹس کے مطابق سعودی حکام نے شہریوں کے موبائل فونز پر ہنگامی پیغام بھیج کر خبردار کیا کہ متعلقہ علاقے کو فضائی خطرے کا سامنا ہے۔ پیغام میں شہریوں کو پرسکون رہنے اور کسی بھی قسم کی غیر ضروری نقل و حرکت سے گریز کرنے کی ہدایت کی گئی۔

حکام کی جانب سے جاری پیغام میں کہا گیا کہ شہری گھروں کے اندر یا کسی محفوظ مقام پر رہیں اور احتیاطی تدابیر کے طور پر کھڑکیوں اور دروازوں سے دور رہیں۔

شہریوں کو مزید ہدایت کی گئی کہ وہ سعودی سول ڈیفنس کی جانب سے جاری ہونے والی ہدایات پر عمل کریں اور صورتحال سے متعلق سرکاری اعلانات پر نظر رکھیں۔

تاہم ہنگامی انتباہ جاری ہونے کے چند منٹ بعد ہی اسے واپس لے لیا گیا۔ دستیاب معلومات کے مطابق تاحال فضائی خطرے کی نوعیت، ممکنہ ہدف یا کسی میزائل اور ڈرون کی موجودگی کے حوالے سے تفصیلات سامنے نہیں آئیں۔

سعودی حکام کی جانب سے بھی الرٹ جاری کرنے اور واپس لینے کی وجوہات سے متعلق مزید وضاحت سامنے نہیں آئی۔

More News