مساجد کو دہشت گردی کے اڈے بنانے والوں کے لیے کوئی رعایت نہیں، آپریشنز مزید تیز ہوں گے، گورنر خیبرپختونخوا
گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے شمالی وزیرستان کی تحصیل میر علی میں سکیورٹی فورسز کے کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ مساجد کو دہشت گردی، اسلحہ ذخیرہ کرنے اور غیر قانونی سرگرمیوں کے لیے استعمال کرنے والوں کے لیے کوئی رعایت نہیں ہونی چاہیے۔
اپنے بیان میں گورنر نے سکیورٹی فورسز اور انٹیلی جنس اداروں کو کامیاب کارروائی پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ آپریشن کی ویڈیوز دیکھ کر انہیں شدید دکھ ہوا کہ فتنۃ الخوارج نے مساجد جیسے مقدس مقامات کو دہشت گردی کی سرگرمیوں اور اسلحہ ذخیرہ کرنے کے لیے استعمال کیا۔
فیصل کریم کنڈی کا کہنا تھا کہ مساجد امن، بھائی چارے اور اسلامی تعلیمات کا درس دیتی ہیں، انہیں دہشت گردی اور مذموم سرگرمیوں کے لیے استعمال کرنا کسی صورت قابل قبول نہیں۔
انہوں نے کہا کہ عبادت گاہوں کا تقدس برقرار رکھنا اور انہیں امن و سلامتی کے مراکز کے طور پر محفوظ بنانا ہر شہری کی ذمہ داری ہے۔
گورنر خیبرپختونخوا نے دہشت گردی کے خلاف سکیورٹی فورسز کی کارروائیوں کو جاری رکھنے اور مزید تیز کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ امن و امان کے قیام اور دہشت گرد عناصر کے خاتمے کے لیے مؤثر اقدامات جاری رہنے چاہئیں۔








