کراچی میں تعمیر کیے گئے ایک یو ٹرن کے ڈیزائن پر وضاحت کیوں جاری کی گئی؟

کراچی کے متنازع ایلیویٹڈ یو ٹرن کے ڈیزائن پر ٹرانس کراچی کی وضاحت، رفتار 30 کلومیٹر فی گھنٹہ مقرر

کراچی: شہر کے مصروف یونیورسٹی روڈ پر تعمیر کیے گئے ایلیویٹڈ یو ٹرن کے ڈیزائن پر سوشل میڈیا پر ہونے والی تنقید کے بعد ترقیاتی منصوبوں کی ذمہ دار کمپنی ٹرانس کراچی نے وضاحتی بیان جاری کردیا ہے۔ کمپنی کا کہنا ہے کہ یو ٹرن قابل اطلاق بین الاقوامی ڈیزائن معیارات کے مطابق تعمیر کیا گیا ہے اور اس کی تیاری میں دستیاب جگہ، سڑک کے بنیادی ڈھانچے اور موجودہ ٹریفک کی صورتحال کو مدنظر رکھا گیا ہے۔

یونیورسٹی روڈ پر واقع یہ ایلیویٹڈ یو ٹرن 5 نومبر کو ٹریفک کے لیے کھولا گیا تھا، تاہم افتتاح کے فوراً بعد اس کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئیں اور شہریوں کی جانب سے اس کے ڈیزائن اور افادیت پر سوالات اٹھائے جانے لگے۔ متعدد صارفین نے اسے حادثات اور ٹریفک جام کا ممکنہ سبب قرار دیا، جبکہ بعض نے تعمیر میں غیر معمولی تاخیر پر بھی تنقید کی۔

سوشل میڈیا صارف رافع سرور نے اپنے تبصرے میں خدشہ ظاہر کیا کہ یو ٹرن کا موڑ مناسب چوڑائی کا نہیں اور گاڑیوں کو اس مقام پر رفتار انتہائی کم کرنا پڑے گی، جس سے حادثات اور ٹریفک کی روانی متاثر ہونے کا امکان ہے۔ ان کے مطابق گاڑیوں کو محفوظ انداز میں موڑنے کے لیے زیادہ کشادہ راستہ ہونا چاہیے تھا۔

اینکر پرسن نادیہ مرزا نے بھی یو ٹرن کی تعمیر میں لگنے والے طویل وقت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اس منصوبے کو مکمل ہونے میں پانچ سال لگے، لیکن شہریوں کو توقعات کے مطابق سہولت نہیں ملی۔

تاہم بعض شہریوں نے اس منصوبے کا دفاع کرتے ہوئے اسے ٹریفک مینجمنٹ کے لیے مفید قرار دیا۔ ان کے مطابق محدود جگہ والے مصروف شہروں میں ایلیویٹڈ یو ٹرن مرکزی شاہراہ پر ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے اور مڑنے والی گاڑیوں کو الگ راستہ فراہم کرنے میں مددگار ثابت ہوتے ہیں۔

تنقید کے جواب میں ٹرانس کراچی نے اپنے بیان میں وضاحت کی کہ یو ٹرن کو اس انداز میں ڈیزائن کیا گیا ہے کہ ایک کار اور ایک موٹر سائیکل بیک وقت ساتھ ساتھ گزر سکیں۔ کمپنی کے مطابق اگر راستے میں کوئی کار خراب ہوکر رک جائے تو دوسری گاڑی کے گزرنے کی گنجائش بھی موجود ہے۔

ٹرانس کراچی کا کہنا ہے کہ یو ٹرن کے ریمپس کی چوڑائی پانچ میٹر جبکہ موڑ کی چوڑائی چھ میٹر رکھی گئی ہے۔ ان پیمائشوں کے مطابق عام گاڑیوں کے علاوہ 12 میٹر تک لمبی بسیں بھی اس راستے سے محفوظ انداز میں گزر سکتی ہیں۔

کمپنی نے مزید بتایا کہ اس ایلیویٹڈ یو ٹرن پر گاڑیوں کی محفوظ نقل و حرکت یقینی بنانے کے لیے زیادہ سے زیادہ رفتار 30 کلومیٹر فی گھنٹہ مقرر کی گئی ہے۔

ٹرانس کراچی کے مطابق منصوبے کا ڈیزائن یونیورسٹی روڈ پر محدود دستیاب جگہ اور دیگر بنیادی ڈھانچے کی ضروریات کو سامنے رکھ کر تیار کیا گیا ہے، تاہم سوشل میڈیا پر اس کی افادیت اور عملی کارکردگی سے متعلق بحث جاری ہے۔

More News

Breaking

تربیلا پنجم توسیعی منصوبے کی سرنگ میں چٹانیں گرنے سے پانی داخل، تمام مزدور محفوظ، مرکزی سرنگ کو نقصان نہیں پہنچا، واپڈا

تربیلا پنجم توسیعی منصوبے کی سرنگ میں چٹانیں گرنے سے پانی داخل، تمام مزدور محفوظ، مرکزی سرنگ کو نقصان نہیں پہنچا، واپڈا اسلام آباد: تربیلا

Read More »