انسٹاگرام پر کم عمر صارفین کی شناخت اے آئی ٹیکنالوجی سے ہوگی، میٹا کا بڑا اعلان

انسٹاگرام پر کم عمر صارفین کی شناخت اے آئی ٹیکنالوجی سے ہوگی، میٹا کا بڑا اعلان

معروف ٹیکنالوجی کمپنی میٹا نے انسٹاگرام پر کم عمر صارفین کی شناخت کے لیے مصنوعی ذہانت (اے آئی) پر مبنی ٹیکنالوجی دنیا بھر میں متعارف کرانے کا اعلان کردیا ہے۔ اس اقدام کا مقصد بچوں اور نوجوانوں کو ان کی عمر کے مطابق محفوظ سوشل میڈیا ماحول فراہم کرنا اور نامناسب مواد سے بچانا ہے۔

میٹا کی جانب سے جاری بلاگ پوسٹ کے مطابق نئی ٹیکنالوجی صارفین کی جانب سے درج کردہ عمر کے بجائے ان کی حقیقی عمر کا اندازہ لگانے کی کوشش کرے گی۔ اگر کوئی صارف اپنی اصل عمر چھپا کر خود کو 18 سال یا اس سے زائد عمر کا ظاہر کرتا ہے تو اے آئی سسٹم اس کی عمر کا جائزہ لے گا۔

کمپنی کے مطابق شناخت کے بعد 18 سال سے کم عمر صارفین کو خودکار طور پر انسٹاگرام کے ٹین (Teen) اکاؤنٹس میں منتقل کیا جائے گا۔ یہ اکاؤنٹس 13 سے 17 سال کی عمر کے نوجوانوں کے لیے مخصوص ہیں، جن میں مواد، رابطوں اور دیگر سرگرمیوں سے متعلق حفاظتی پابندیاں اور خصوصی فیچرز شامل ہیں۔

واضح رہے کہ میٹا نے اپریل 2025 میں عمر کی تصدیق کے لیے اے آئی ٹیکنالوجی متعارف کرائی تھی، جبکہ ٹین اکاؤنٹس کا آغاز ستمبر 2024 میں کیا گیا تھا۔

میٹا کے مطابق ابتدائی مرحلے میں امریکا میں والدین کو انسٹاگرام فیڈ پر خصوصی ویڈیوز بھی دکھائی جائیں گی، جن کے ذریعے انہیں بچوں کے تحفظ کے لیے پلیٹ فارم پر موجود اقدامات سے آگاہ کیا جائے گا۔

کمپنی کا کہنا ہے کہ کم عمر صارفین کے لیے محفوظ ڈیجیٹل ماحول کی فراہمی کے سلسلے میں مزید اقدامات بھی جاری رکھے جائیں گے۔

More News