پاکستان کا عالمی سپلائی چینز کو کاربن سے پاک بنانے کے عزم کا اعادہ، ترکیہ میں کوپ 31 فورم کا انعقاد

پاکستان کا عالمی سپلائی چینز کو کاربن سے پاک بنانے کے عزم کا اعادہ، ترکیہ میں کوپ 31 فورم کا انعقاد

ترکیہ میں منعقدہ کوپ 31 فورم میں پاکستان نے عالمی سپلائی چینز کو کاربن سے پاک اور پائیدار بنانے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔ فورم میں پاکستان سمیت مختلف ممالک کے وزراء اور مندوبین نے شرکت کی۔

وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے عالمی گرین فریٹ کوریڈورز انیشی ایٹو سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اقتصادی ترقی اور ماحولیاتی تحفظ ایک دوسرے کے مخالف نہیں بلکہ باہم معاون ہیں۔ موسمیاتی تبدیلی کے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے ضروری ہے کہ عالمی سطح پر عملی اقدامات کیے جائیں اور انہیں سرحد پار مؤثر نتائج میں تبدیل کیا جائے۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ پاکستان چین، وسطی ایشیا اور مشرق وسطیٰ کے درمیان ایک اہم علاقائی تجارتی پل کی حیثیت رکھتا ہے، جس کے باعث ملک عالمی تجارت اور پائیدار نقل و حمل کے فروغ میں اہم کردار ادا کرسکتا ہے۔

عبدالعلیم خان نے بتایا کہ پاکستان کے قومی ریل پلان 2026 کے تحت مال برداری میں ریل کا حصہ بڑھا کر 20 فیصد کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے، جس سے سڑکوں پر ٹریفک کا دباؤ کم کرنے اور کاربن کے اخراج میں کمی لانے میں مدد ملے گی۔

انہوں نے مزید بتایا کہ ملک بھر کی شاہراہوں پر ہر 50 کلومیٹر کے فاصلے پر الیکٹرک گاڑیوں کے لیے چارجنگ اسٹیشنز قائم کیے جائیں گے، جن کی مجموعی تعداد 3 ہزار ہوگی۔

فورم میں پاکستان نے ماحول دوست ٹرانسپورٹ، جدید انفراسٹرکچر اور پائیدار علاقائی تجارت کے فروغ کے لیے اپنے اقدامات اور مستقبل کے اہداف پیش کیے۔

More News