ناٹنگھم فاریسٹ کا کھلاڑیوں کو انجریز سے بچانے کے لیے جدید بلڈ ٹیسٹ کا تجربہ

ناٹنگھم فاریسٹ کا کھلاڑیوں کو انجریز سے بچانے کے لیے جدید بلڈ ٹیسٹ کا تجربہ

انگلش پریمیئر لیگ کے معروف فٹبال کلب ناٹنگھم فاریسٹ نے کھلاڑیوں کو انجریز سے محفوظ رکھنے اور ممکنہ چوٹوں کی بروقت نشاندہی کے لیے جدید بلڈ ٹیسٹ کا تجربہ شروع کردیا ہے۔ اس ٹیکنالوجی کا مقصد کھلاڑیوں کو انجری ہونے سے پہلے ہی خطرے سے آگاہ کرنا ہے تاکہ بروقت احتیاطی اقدامات کیے جاسکیں۔

اس سلسلے میں ناٹنگھم فاریسٹ نے گلاسگو کی بائیوٹیکنالوجی کمپنی اینٹوریج کے اشتراک سے 12 ہفتوں پر مشتمل تحقیقی مطالعہ شروع کیا ہے، جس میں ابتدائی طور پر کلب کی مردوں کی بی ٹیم کے 25 کھلاڑی حصہ لے رہے ہیں۔

تحقیق کے دوران کھلاڑیوں کے خون کے نمونے ہفتے میں دو مرتبہ حاصل کیے جائیں گے، جن میں ہزاروں پروٹینز کا تجزیہ کیا جائے گا۔ اس کے ذریعے کھلاڑیوں کے جسم پر ٹریننگ، میچز، جسمانی دباؤ، انجری اور صحت یابی کے اثرات کا جائزہ لیا جائے گا۔

تحقیق کے نتائج کا کھلاڑیوں کے ٹریننگ ریکارڈ، ورک لوڈ اور طبی معلومات سے موازنہ کیا جائے گا تاکہ خون میں پروٹینز کے مخصوص پیٹرنز کے ذریعے پٹھوں اور نرم بافتوں کی انجری کے بڑھتے ہوئے خطرات کی نشاندہی ممکن ہوسکے۔

یوئیفا کے مطابق 2021-22 کے سیزن میں کھلاڑیوں کے انجری کے باعث کھیل سے باہر رہنے والے ہر پانچ میں سے ایک دن ہیمسٹرنگ انجری کی وجہ سے ضائع ہوا تھا۔

اس تحقیق سے مستقبل میں فٹبالرز کی فٹنس بہتر بنانے، انجریز کی روک تھام اور ان کے کھیلوں کے کیریئر کو طویل کرنے میں مدد ملنے کی امید ہے۔

More News