محسن رضائی اور جے ڈی وینس کی ملاقات کا کوئی منصوبہ نہیں، عباس عراقچی نے خبروں کی تردید کردی

محسن رضائی اور جے ڈی وینس کی ملاقات کا کوئی منصوبہ نہیں، عباس عراقچی نے خبروں کی تردید کردی

ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے ایران کے اعلیٰ سکیورٹی عہدیدار محسن رضائی اور امریکی نائب صدر جے ڈی وینس کے درمیان ممکنہ ملاقات سے متعلق خبروں کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے مسترد کردیا ہے۔

عباس عراقچی نے ایرانی خبر رساں ادارے کو بتایا کہ ایران اور امریکا کے اعلیٰ عہدیداروں کے درمیان ایسی کسی ملاقات کا کوئی منصوبہ نہیں ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس حوالے سے میڈیا میں گردش کرنے والی قیاس آرائیاں اور خبریں حقیقت پر مبنی نہیں ہیں۔

یہ وضاحت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب بعض غیر ملکی میڈیا رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ امریکی نائب صدر جے ڈی وینس اور ایران کی سپریم نیشنل سکیورٹی کونسل کے عہدیدار محسن رضائی کے درمیان قطر کے دارالحکومت دوحہ میں ملاقات متوقع ہے۔ اطلاعات کے مطابق اس ملاقات کا مقصد ایران اور امریکا کے درمیان جاری کشیدگی کم کرنے کے لیے سفارتی رابطوں کو آگے بڑھانا تھا۔

ایرانی حکام نے ان خبروں کی تردید کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ مذاکرات سے متعلق تہران کی پالیسی میں کوئی تبدیلی نہیں آئی۔ ایرانی مؤقف کے مطابق امریکا کو مذاکرات کی پیش رفت کے لیے ایران کی جانب سے پیش کردہ شرائط پر عملی اقدامات کرنا ہوں گے۔

عباس عراقچی نے مزید کہا کہ ایران کے خلاف فوجی کارروائی یا اقتصادی پابندیوں میں اضافے سے تنازع ختم نہیں ہوگا بلکہ اس کا حل احترام، سفارت کاری اور مذاکرات کے ذریعے ہی ممکن ہے۔

ایرانی وزیر خارجہ کے اس بیان کے بعد دوحہ میں ممکنہ ملاقات سے متعلق قیاس آرائیوں کو تقویت نہیں مل سکی، جبکہ خطے میں کشیدگی کم کرنے کے لیے سفارتی کوششیں بدستور جاری ہیں۔

 

More News