اینتروپک کا بڑا منصوبہ، کمپنی کی مالیت 1.4 ٹریلین ڈالر تک پہنچانے کی تیاری

اینتروپک کا بڑا منصوبہ، کمپنی کی مالیت 1.4 ٹریلین ڈالر تک پہنچانے کی تیاری

واشنگٹن: مصنوعی ذہانت کی معروف کمپنی اینتھروپک نے امریکی اسٹاک مارکیٹ میں حصص فروخت کرکے اپنی مجموعی مالیت 1.4 ٹریلین ڈالر تک پہنچانے کا منصوبہ پیش کر دیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق کلاڈ (Claude) چیٹ بوٹ تیار کرنے والی کمپنی ابتدائی عوامی پیشکش (آئی پی او) کے ذریعے 64.4 ارب ڈالر تک سرمایہ جمع کرنے کا ارادہ رکھتی ہے، جبکہ گوگل، اینویڈیا اور اے ایم ڈی سمیت بڑے سرمایہ کاروں سے نجی سرمایہ کاری کی صورت میں مزید 26 ارب ڈالر حاصل کیے جائیں گے۔

اس طرح کمپنی کا مجموعی سرمایہ جمع کرنے کا ہدف 90.4 ارب ڈالر تک پہنچ جائے گا۔ منصوبے کے تحت حصص کی ابتدائی قیمت 70 سے 78 ڈالر فی شیئر مقرر کی گئی ہے، جبکہ 19 نومبر کو نیس ڈیک اسٹاک مارکیٹ میں ٹریڈنگ شروع ہونے کی توقع ظاہر کی گئی ہے۔

کمپنی کے مالی اعداد و شمار کے مطابق 31 اکتوبر تک اس کی سالانہ متوقع آمدنی 81 ارب ڈالر تک پہنچ چکی تھی، جو ستمبر کے مقابلے میں 10 ارب ڈالر زیادہ ہے۔

تاہم مصنوعی ذہانت کے شعبے میں بڑھتی ہوئی سرمایہ کاری اور بھاری اخراجات کے باعث سرمایہ کاروں کو کمپنیوں کے مستقبل کے منافع سے متعلق خدشات بھی لاحق ہیں۔ ماہرین کے مطابق اس شعبے میں تیزی سے بڑھتی سرمایہ کاری کے باوجود منافع بخش کاروباری ماڈل برقرار رکھنا ایک بڑا چیلنج بن سکتا ہے۔

More News