عمران خان کا رات گئے پمز اسپتال میں طبی معائنہ، آنکھوں سمیت مختلف ٹیسٹ کیے گئے
اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی اور سابق وزیراعظم عمران خان کو رات گئے سخت سکیورٹی انتظامات کے تحت اڈیالہ جیل سے پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (پمز) اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے ان کا تفصیلی طبی معائنہ کیا اور آنکھوں سمیت مختلف ضروری ٹیسٹ کیے۔
جیل ذرائع کے مطابق پمز اسپتال میں عمران خان کی بینائی اور آنکھوں کی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا، جبکہ ان کا بلڈ پریشر، کولیسٹرول اور دیگر ضروری طبی ٹیسٹ بھی کیے گئے۔ ڈاکٹروں نے ان کی مجموعی صحت کا معائنہ کرنے کے ساتھ پہلے سے تجویز کردہ ادویات کا بھی جائزہ لیا اور مزید ادویات تجویز کیں۔
طبی معائنے اور ضروری ٹیسٹ مکمل ہونے کے بعد عمران خان کو سخت سکیورٹی حصار میں دوبارہ اڈیالہ جیل منتقل کر دیا گیا۔
واضح رہے کہ رواں سال 18 اگست کو سپریم کورٹ نے عمران خان کو 48 گھنٹوں کے اندر شفا انٹرنیشنل اسپتال منتقل کرنے کا حکم دیا تھا۔ عدالت میں پیش کی گئی طبی رپورٹس میں ان کے اہم جسمانی اعضا (وائٹل آرگنز) متاثر ہونے کے خدشات ظاہر کیے گئے تھے، جس کے بعد ان کے طبی معائنے اور علاج کے حوالے سے معاملہ اہمیت اختیار کر گیا تھا۔
عدالتی حکم کے بعد 20 اور 21 اگست کی درمیانی شب شفا انٹرنیشنل اسپتال کے اطراف سکیورٹی کے غیرمعمولی انتظامات کیے گئے تھے۔ پولیس نے اسپتال جانے والے راستوں پر رکاوٹیں کھڑی کرکے ٹریفک کی آمدورفت محدود کر دی تھی، جبکہ سڑک کنارے کھڑی گاڑیوں کو بھی لفٹرز کے ذریعے ہٹا دیا گیا تھا۔ اس موقع پر آئی جی اسلام آباد نے بھی اسپتال کا دورہ کرکے سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا تھا۔
دوسری جانب وفاقی حکومت نے سپریم کورٹ کے فیصلے کے خلاف نظرثانی درخواست دائر کی تھی، جبکہ پی ٹی آئی کی جانب سے عدالتی حکم پر عمل درآمد نہ ہونے کی صورت میں توہین عدالت کی درخواست دائر کرنے کا عندیہ دیا گیا تھا۔
بعدازاں وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے بتایا تھا کہ عمران خان کا طبی معائنہ شفا انٹرنیشنل اسپتال کے بجائے پمز میں کیا گیا، جہاں شفا اسپتال کے ڈاکٹرز بھی موجود تھے۔
عطا اللہ تارڑ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے بیان میں دعویٰ کیا تھا کہ طبی معائنے کے دوران عمران خان صحت مند پائے گئے۔ ان کا کہنا تھا کہ انہیں پہلے بھی ضروری طبی سہولیات فراہم کی جاتی رہی ہیں اور آئندہ بھی ضرورت پڑنے پر علاج معالجے کی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔
عمران خان کے تازہ طبی معائنے کے بعد ان کی صحت اور علاج سے متعلق صورتحال سیاسی و عوامی حلقوں میں ایک بار پھر زیر بحث آ گئی ہے۔








