سی ڈی اے نے بری امام ہاؤس کو غیر قانونی قبضے کی جگہ قرار دے دیا، اسلام آباد ہائیکورٹ میں جواب جمع

سی ڈی اے نے بری امام ہاؤس کو غیر قانونی قبضے کی جگہ قرار دے دیا، اسلام آباد ہائیکورٹ میں جواب جمع

اسلام آباد: کیپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) نے اسلام آباد ہائیکورٹ میں جمع کرائے گئے جواب میں بری امام ہاؤس نامی عمارت کو غیر قانونی قبضے کی جگہ قرار دیتے ہوئے مؤقف اختیار کیا ہے کہ اس عمارت کا کوئی وجود سرکاری ریکارڈ میں موجود نہیں۔

سی ڈی اے کی جانب سے متفرق درخواست کے ذریعے عدالت میں جمع کرائے گئے جواب میں کہا گیا ہے کہ نورپور شاہان کی متعلقہ زمین ماضی میں ایکوائر کی جا چکی ہے اور اس کے مالکان کو ادائیگی بھی کی گئی تھی۔ ادارے کے مطابق حضرت بری امامؒ کے مزار کی جگہ سرکاری ریکارڈ میں الگ نمبروں کے تحت درج ہے، جبکہ بری امام ہاؤس نامی عمارت کا مزار سے کوئی قانونی یا جائیداد سے متعلق تعلق نہیں۔

سی ڈی اے نے مؤقف اختیار کیا کہ صرف عمارت کو بری امام ہاؤس کا نام دینے یا اسے حضرت بری امامؒ کے مزار سے منسلک کرنے سے درخواست گزار کو زمین پر قانونی حق حاصل نہیں ہو جاتا۔ محکمہ مال کے ریکارڈ اور محل وقوع کے مطابق بری امام ہاؤس اور بری امام دربار دو الگ مقامات ہیں، جنہیں ایک ہی جائیداد تصور نہیں کیا جا سکتا۔

عدالت میں جمع جواب میں مزید کہا گیا کہ درخواست گزار کے پاس مذکورہ جگہ پر قبضے یا استعمال کا کوئی قانونی اختیار نہیں۔ سی ڈی اے نے یہ اعتراض بھی اٹھایا کہ اس کا مؤقف سنے بغیر حکم امتناع جاری کیا گیا، لہٰذا درخواست کی قانونی حیثیت اور قابل سماعت ہونے کا جائزہ لیا جائے۔

واضح رہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ نے بری امام ہاؤس سے متعلق درخواست گزار کے حق میں حکم امتناع جاری کر رکھا ہے، جبکہ سی ڈی اے نے حکم امتناع ختم کرانے اور کیس کی جلد سماعت مقرر کرنے کے لیے عدالت سے رجوع کر لیا ہے۔

More News