آبنائے ہرمز میں دو آئل ٹینکرز بحری بارودی سرنگوں سے ٹکرا گئے، دونوں جہازوں میں آگ بھڑک اٹھی

آبنائے ہرمز میں دو آئل ٹینکرز بحری بارودی سرنگوں سے ٹکرا گئے، دونوں جہازوں میں آگ بھڑک اٹھی

آبنائے ہرمز میں بحری جہازوں کی آمدورفت کے دوران ایک اور خطرناک واقعہ پیش آیا ہے، جہاں ایرانی پاسداران انقلاب (آئی آر جی سی) نے دعویٰ کیا ہے کہ دو آئل ٹینکرز بحری بارودی سرنگوں سے ٹکرا کر آگ کی لپیٹ میں آگئے۔

ایرانی پاسداران انقلاب کے مطابق دونوں آئل ٹینکرز آبنائے ہرمز سے گزرنے کے لیے ایسے بحری راستے استعمال کرنے کی کوشش کر رہے تھے جنہیں ایرانی حکام نے غیر مجاز قرار دیا تھا۔ اس دوران بحری بارودی سرنگوں سے ٹکرانے کے نتیجے میں جہازوں میں شدید دھماکے ہوئے اور آگ بھڑک اٹھی۔

پاسداران انقلاب کا کہنا ہے کہ دونوں جہازوں نے اپنے نیویگیشن اور شناختی نظام بند کر رکھے تھے اور ایرانی حکام کی جانب سے مقرر کردہ راستوں کی خلاف ورزی کرتے ہوئے گزرنے کی کوشش کر رہے تھے۔ ایرانی حکام نے اس واقعے کو بحری قوانین اور مقررہ راستوں کی خلاف ورزی کا نتیجہ قرار دیا ہے۔

آبنائے ہرمز دنیا کی اہم ترین بحری گزرگاہوں میں شمار ہوتی ہے، جہاں سے عالمی سطح پر تیل کی بڑی مقدار مختلف ممالک تک پہنچائی جاتی ہے۔ خلیج فارس کو بحیرہ عمان اور بحیرہ عرب سے ملانے والی یہ گزرگاہ عالمی توانائی کی فراہمی اور بین الاقوامی تجارت کے لیے غیر معمولی اہمیت رکھتی ہے۔

حالیہ مہینوں میں ایران، امریکا اور اسرائیل کے درمیان کشیدگی کے باعث اس اہم بحری راستے پر تجارتی جہازوں کی آمدورفت شدید متاثر ہوئی ہے۔ ایران نے متعدد مواقع پر بحری جہازوں کو مخصوص راستے اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے، جبکہ امریکا کی جانب سے ایرانی بندرگاہوں کی بحری ناکہ بندی بھی جاری ہے۔

خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق اکتوبر 2026 کے دوران آبنائے ہرمز اور اس کے اطراف 37 بحری جہاز حملوں کا نشانہ بنے، جو جنگ شروع ہونے کے بعد ایک ماہ کے دوران سب سے زیادہ واقعات ہیں۔

ان واقعات کے باعث عالمی منڈی میں تیل کی ترسیل اور قیمتوں کے حوالے سے خدشات بڑھ گئے ہیں۔ ماہرین کے مطابق آبنائے ہرمز میں بحری آمدورفت کی طویل بندش یا مزید حملوں سے عالمی توانائی کی فراہمی، تیل کی قیمتوں اور بین الاقوامی تجارت پر گہرے اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔

تاہم ایرانی پاسداران انقلاب کے دعوے کے مطابق پیش آنے والے واقعے کی مکمل تفصیلات، جہازوں کی شناخت اور ممکنہ جانی نقصان کے بارے میں تاحال واضح معلومات سامنے نہیں آئی ہیں۔

 

More News

Latest

پاکستان آرمی نے چوتھی بین الخدماتی جنگی شوٹنگ چیمپیئن شپ جیت لی، حوالدار فضل الرحمان اعلیٰ ترین فوجی اعزاز کے حقدار قرار

پاکستان آرمی نے چوتھی بین الخدماتی جنگی شوٹنگ چیمپیئن شپ جیت لی، حوالدار فضل الرحمان اعلیٰ ترین فوجی اعزاز کے حقدار قرار پاکستان آرمی نے

Read More »