پاکستان آرمی نے چوتھی بین الخدماتی جنگی شوٹنگ چیمپیئن شپ جیت لی، حوالدار فضل الرحمان اعلیٰ ترین فوجی اعزاز کے حقدار قرار
پاکستان آرمی نے چوتھی بین الخدماتی جنگی شوٹنگ چیمپیئن شپ کی ٹرافی اپنے نام کرلی، جبکہ پنجاب رجمنٹ کے حوالدار فضل الرحمان کو شاندار نشانہ بازی پر اعلیٰ ترین فوجی شوٹنگ اعزاز ’’دی ماسٹر ایٹ آرمز‘‘ (ڈولی کپ) سے نوازا گیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق پاکستان آرمی رائفل ایسوسی ایشن کے 46ویں مرکزی مقابلوں کی اختتامی تقریب جہلم کے آرمی مارکس مین شپ یونٹ میں منعقد ہوئی، جس میں چیف آف ڈیفنس فورسز اور چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔
شوٹنگ کے مقابلے 7 اکتوبر سے 11 نومبر 2026 تک جاری رہے، جن میں پاک فوج، پاک بحریہ، پاک فضائیہ، سول آرمڈ فورسز، رینجرز، گلگت بلتستان اسکاؤٹس، چاروں صوبوں اور وفاقی رائفل ایسوسی ایشن کی ٹیموں سمیت شہری نشانہ بازوں نے حصہ لیا۔ مقابلوں میں مجموعی طور پر 1500 سے زائد نشانہ بازوں نے اپنی مہارت کا مظاہرہ کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان آرمی نے چیمپیئن شپ ٹرافی جیتی، جبکہ آرمی مارکس مین شپ یونٹ نے وزیراعظم اسکلز ایٹ آرمز بگ بور نیشنل چیلنج میچ میں کامیابی حاصل کی۔ پنجاب رجمنٹ نے یونٹ فائرنگ پروفیشنسی اور انفنٹری اسکواڈ میچز بھی اپنے نام کیے۔
تقریب میں پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل نوید اشرف نے بطور مہمان اعزاز شرکت کی۔ اس موقع پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کامیاب نشانہ بازوں میں ٹرافیاں اور تمغے تقسیم کیے اور ان کی غیر معمولی مہارت، پیشہ ورانہ صلاحیت اور درست نشانے کو سراہا۔








