عوام پر گیس مہنگی ہونے کا خدشہ، سوئی گیس کمپنیوں نے قیمتوں میں اضافے کی درخواستیں دائر کر دیں
اسلام آباد: مہنگائی سے پریشان عوام پر گیس مہنگی ہونے کا خدشہ بڑھ گیا ہے، سوئی گیس کمپنیوں نے گیس کی اوسط قیمتوں میں اضافے کے لیے درخواستیں دائر کر دی ہیں، جس کے بعد صارفین کے لیے گیس مزید مہنگی ہونے کا امکان پیدا ہوگیا ہے۔
درخواستوں کے مطابق سوئی سدرن گیس کمپنی نے گیس کی اوسط قیمت میں 370 روپے فی ملین برٹش تھرمل یونٹ (ایم ایم بی ٹی یو) اضافے کی درخواست کی ہے، جبکہ سوئی ناردرن گیس کمپنی نے قیمت میں 10 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو اضافے کی تجویز پیش کی ہے۔
دوسری جانب سوئی سدرن گیس کمپنی نے کوئٹہ میں صارفین کو موصول ہونے والے بھاری گیس بلوں کے حوالے سے وضاحت جاری کی ہے۔ کمپنی کے مطابق سردیوں کے آغاز اور گیس کے استعمال میں اضافے کے باعث صارفین کے بلوں میں اضافہ ہوا ہے۔
کمپنی کا مزید کہنا ہے کہ اوگرا کی جانب سے مقرر کردہ ٹیرف بھی گیس بلوں کی مالیت پر اثر انداز ہوتا ہے۔
گیس کمپنیوں کی جانب سے قیمتوں میں اضافے کی درخواستوں پر فیصلہ ہونے کے بعد صارفین کے لیے گیس کی نئی قیمتوں کا تعین ہوگا۔








