امریکا میں معجزاتی واقعہ، 24 گھنٹے تک زندہ دفن 11 ماہ کا بچہ بحفاظت نکال لیا گیا
امریکی ریاست جنوبی کیرولائنا میں ایک ایسا حیران کن واقعہ پیش آیا ہے جہاں 11 ماہ کے بچے کو مبینہ طور پر کتے کے پنجرے میں بند کرکے زمین میں دفن کردیا گیا، تاہم تقریباً 24 گھنٹے بعد ریسکیو اہلکاروں نے اسے زندہ تلاش کرلیا۔ بچے کی رونے کی آواز نے امدادی ٹیموں کو اس کی موجودگی کا سراغ دیا، جس کے بعد فوری کارروائی کرتے ہوئے اسے مٹی سے نکال کر اسپتال منتقل کردیا گیا۔
امریکی میڈیا کے مطابق بچے کی شناخت کوآہ شارپ کے نام سے ہوئی ہے۔ وہ 9 نومبر کو اس وقت لاپتا ہوا جب اس کے والد 25 سالہ مائیکل کومر اسے اپنی نگرانی میں لے کر گھر سے چلے گئے۔ بچے کی والدہ کسی کام سے باہر گئی ہوئی تھیں اور اس دوران بچے کی دیکھ بھال کی ذمہ داری والد کے پاس تھی۔ بعد ازاں جب ایک دوسرے نگہداشت کرنے والے شخص نے بچے کو سنبھالنے کے لیے گھر پہنچا تو والد اور بچہ دونوں غائب تھے۔
بچے کے لاپتا ہونے کی اطلاع ملنے پر پولیس نے بڑے پیمانے پر تلاش شروع کردی۔ حکام کے مطابق تقریباً 100 پولیس اہلکاروں اور امدادی کارکنوں نے سرچ آپریشن میں حصہ لیا۔ تفتیش کے دوران پولیس نے بچے کے والد کو ایک عمارت سے گرفتار کرلیا، تاہم بچہ اس کے ہمراہ موجود نہیں تھا۔
تلاش کے دوران اہلکاروں کو جنگل میں پائن کے پتوں کے نیچے تازہ کھودی گئی مٹی دکھائی دی، جو بچے کے دادا کے گھر سے تقریباً 50 گز کے فاصلے پر تھی۔ جب اہلکاروں نے وہاں کھدائی شروع کی تو انہیں زمین کے اندر سے بچے کے رونے کی آواز سنائی دی۔ فوری طور پر مٹی ہٹا کر دیکھا گیا تو بچہ ایک تاروں والے پنجرے میں موجود تھا، جسے تولیے میں لپیٹ کر زمین میں دبایا گیا تھا۔
لیکسنگٹن کاؤنٹی کے شیرف جے کون کے مطابق بچے کے زندہ بچ جانے کی ایک ممکنہ وجہ پنجرے کے گرد لپٹا ہوا تولیہ تھا، جس سے اندر ہوا کی کچھ گنجائش پیدا ہوگئی ہوگی۔ ان کا کہنا تھا کہ اندازے کے مطابق بچہ تقریباً 24 گھنٹے زمین کے نیچے رہا۔
بچے کو فوری طور پر اسپتال منتقل کردیا گیا، جہاں اس کا علاج جاری ہے۔ حکام نے اس کی صحت یابی کے لیے امید ظاہر کی ہے۔ بچے کے والد کو ابتدائی طور پر گھر میں غیرقانونی داخلے اور گرفتاری کے دوران مزاحمت کے الزامات میں گرفتار کیا گیا ہے، جبکہ پولیس مزید قانونی کارروائی کے لیے استغاثہ سے رابطے میں ہے۔ واقعے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔








