شانگلہ میں سروائیکل کینسر سے بچاؤ کی HPV ویکسینیشن مہم کا آغاز

شانگلہ میں سروائیکل کینسر سے بچاؤ کی HPV ویکسینیشن مہم کا آغاز

شانگلہ: ضلع شانگلہ میں خواتین کو سروائیکل کینسر جیسے خطرناک مرض سے محفوظ رکھنے کے لیے HPV ویکسینیشن مہم کا باقاعدہ آغاز کردیا گیا ہے۔ مہم کے تحت 9 سے 14 سال کی عمر کی اہل بچیوں کو ویکسین فراہم کی جائے گی تاکہ مستقبل میں اس مرض کے خطرات کو کم کیا جاسکے۔

اس سلسلے میں ڈپٹی کمشنر شانگلہ حامد علی کی زیرِ صدارت مہم کے پہلے روز کی کارکردگی کا جائزہ لینے کے لیے اجلاس منعقد ہوا، جس میں محکمہ صحت کے متعلقہ حکام اور دیگر ذمہ دار افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں ویکسینیشن مہم کی ابتدائی پیش رفت، حاصل ہونے والی کوریج اور فیلڈ میں تعینات ٹیموں کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

اجلاس کے دوران محکمہ صحت کے حکام نے ڈپٹی کمشنر کو مہم کے انتظامات، ویکسینیشن ٹیموں کی سرگرمیوں، اہل بچیوں تک رسائی اور مقررہ اہداف کے حصول کے لیے کیے گئے اقدامات پر بریفنگ دی۔ حکام نے مہم کو مؤثر انداز میں آگے بڑھانے کے لیے فیلڈ ٹیموں کی ذمہ داریوں اور انتظامی امور سے بھی آگاہ کیا۔

اس موقع پر ڈپٹی کمشنر حامد علی نے ہدایت کی کہ ویکسینیشن مہم کی مؤثر اور مسلسل نگرانی یقینی بنائی جائے تاکہ کوئی بھی اہل بچی حفاظتی ویکسین سے محروم نہ رہے۔ انہوں نے محکمہ صحت سمیت تمام متعلقہ اداروں کو باہمی رابطہ کاری بہتر بنانے اور فیلڈ ٹیموں کو درپیش مسائل فوری حل کرنے کی بھی ہدایت کی۔

ڈپٹی کمشنر کا کہنا تھا کہ مہم کے مقررہ اہداف کے حصول کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں اور ہر علاقے میں ویکسینیشن ٹیموں کی رسائی یقینی بنائی جائے۔ انہوں نے متعلقہ حکام پر زور دیا کہ والدین اور عوام میں HPV ویکسین کی اہمیت سے متعلق آگاہی پیدا کی جائے تاکہ ویکسینیشن کے حوالے سے اعتماد اور تعاون کو فروغ ملے۔

واضح رہے کہ HPV ویکسین انسانی پیپیلوما وائرس سے تحفظ فراہم کرتی ہے، جو سروائیکل کینسر کی بڑی وجوہات میں شامل ہے۔ طبی ماہرین کے مطابق کم عمری میں ویکسین لگوانے سے مستقبل میں اس بیماری کے خطرات کم کرنے میں مدد ملتی ہے۔

 

More News