خود پر یقین رکھیں، بڑے خواب دیکھیں اور آگے بڑھیں، ثمر ہارون بلور کا طالبات کو پیغام

خود پر یقین رکھیں، بڑے خواب دیکھیں اور آگے بڑھیں، ثمر ہارون بلور کا طالبات کو پیغام

پشاور: مشیر برائے اطلاعات و تعلقاتِ عامہ، ریلیف، بحالی و آبادکاری ثمر ہارون بلور نے کہا ہے کہ معاشرے میں تبدیلی لانے کے لیے کسی نہ کسی کو پہلا قدم اٹھانا پڑتا ہے، طالبات لوگوں کی باتوں اور معاشرتی روایات کو اپنے خوابوں کی راہ میں رکاوٹ نہ بننے دیں اور خود اعتمادی کے ساتھ آگے بڑھیں۔

ثمر ہارون بلور نے گورنمنٹ گرلز ڈگری کالج زریاب کالونی پشاور میں یومِ اقبال کے سلسلے میں منعقدہ تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی اور طالبات سے خطاب کیا۔ انہوں نے طالبات کو تعلیم، محنت، خود اعتمادی اور زندگی کے ہر شعبے میں اپنی صلاحیتوں کے اظہار کی تلقین کی۔

اپنے خطاب میں انہوں نے کہا کہ پشاور کی بچیاں اپنی محنت، عزم اور صلاحیتوں کے بل بوتے پر زندگی کے کسی بھی شعبے میں نمایاں مقام حاصل کر سکتی ہیں۔ طالبات کے ساتھ اپنی زندگی کے تجربات شیئر کرنے کا مقصد انہیں یہ باور کرانا ہے کہ مشکلات کتنی ہی سخت کیوں نہ ہوں، حوصلے اور مستقل جدوجہد سے کامیابی حاصل کی جا سکتی ہے۔

انہوں نے اپنی زندگی کی جدوجہد کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ ان کی شادی 18 سال کی عمر میں ہوئی، اس وقت وہ خود بھی طالبہ تھیں۔ ان کے سسر شہید بشیر احمد بلور دہشت گردی کا نشانہ بنے، جبکہ ان کی شہادت کے تقریباً پانچ سال بعد ان کے شوہر ہارون بشیر بلور بھی دہشت گردی کے واقعے میں شہید ہوگئے۔ انہوں نے کہا کہ ان کے بچوں نے اپنے دادا اور والد کی شہادت کے صدمات اپنی آنکھوں سے دیکھے، تاہم انہوں نے مشکل حالات میں اپنے بچوں اور خاندان کو سنبھالنے کی ذمہ داری نبھائی۔

ثمر ہارون بلور نے کہا کہ ان کے دشمن نے ہمیشہ رات کی تاریکی میں چھپ کر وار کیا، جبکہ وہ خود حوصلے اور ثابت قدمی کے ساتھ اس کے سامنے کھڑے رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ شوہر کی شہادت کے بعد بچوں کی خواہش پر انہوں نے ان کی انتخابی نشست سے الیکشن لڑنے کا فیصلہ کیا۔ اس وقت انہیں کہا گیا کہ پشتون معاشرے میں خواتین کو ووٹ نہیں ملتے اور پشاور میں کسی خاتون کا انتخاب جیتنا ممکن نہیں، لیکن انہوں نے کامیابی یا ناکامی کی پروا کیے بغیر عملی قدم اٹھایا۔

انہوں نے بتایا کہ انتخابی مہم کے دوران ان کے نام اور تصویر کے بجائے صرف ’’بیگم ہارون بلور‘‘ لکھا جاتا تھا، لیکن آج پشاور کے عوام ان کے نام کے بل بورڈز لگاتے اور تصاویر آویزاں کرتے ہیں۔ ان کے مطابق عوام نے انہیں دو مرتبہ منتخب کرکے اپنے اعتماد اور محبت کا اظہار کیا۔

مشیر اطلاعات نے طالبات کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ خواتین کی تعلیم، آزادی اور عملی زندگی میں کردار ادا کرنے کے مواقع کا تحفظ پوری قوم کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ اگر کسی ایک بچی یا خاتون کا راستہ روکا جاتا ہے تو درحقیقت معاشرے کی مجموعی ترقی متاثر ہوتی ہے۔ انہوں نے ہمسایہ ملک میں خواتین کی تعلیم اور عملی زندگی پر عائد پابندیوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اس صورتحال سے سبق سیکھنے کی ضرورت ہے۔

ثمر ہارون بلور نے کہا کہ خواتین گھریلو اور خاندانی ذمہ داریوں کے ساتھ اپنے پیشہ ورانہ خواب بھی پورے کر سکتی ہیں۔ سیاست، پولیس، فوج اور سول سروس سمیت زندگی کے ہر شعبے میں بچیوں کے لیے آگے بڑھنے کے مواقع موجود ہیں۔ کامیابی کے لیے محنت، لگن اور مستقل جدوجہد بنیادی اہمیت رکھتی ہے۔

انہوں نے پشاور میں مس وزیر کی خدمات کا حوالہ دیتے ہوئے انہیں خواتین کے عملی کردار کی مثال قرار دیا اور کہا کہ وہ رات گئے دو بجے تک سڑکوں پر موجود رہ کر اپنی سرکاری ذمہ داریاں انجام دیتی ہیں۔

یومِ اقبال کی مناسبت سے خطاب کرتے ہوئے ثمر ہارون بلور نے کہا کہ علامہ محمد اقبال کا فلسفہ، فکر اور شاعری نوجوان نسل کے لیے مشعلِ راہ ہیں۔ طالبات کو چاہیے کہ وہ اقبال کے افکار سے رہنمائی حاصل کریں اور ان کی تعلیمات کو اپنی عملی زندگی کا حصہ بنائیں۔

آخر میں انہوں نے امید ظاہر کی کہ گورنمنٹ گرلز ڈگری کالج زریاب کالونی کی طالبات مستقبل میں مختلف شعبوں میں نمایاں کامیابیاں حاصل کریں گی۔ انہوں نے تقریب کے کامیاب انعقاد پر کالج کی پرنسپل اور انتظامیہ کو مبارکباد بھی پیش کی۔

 

More News