پاکستان کی آٹو انڈسٹری سے 2.72 ارب ڈالر برآمدات متوقع، نئی پالیسی کا اعلان

پاکستان کی آٹو انڈسٹری سے 2.72 ارب ڈالر برآمدات متوقع، نئی پالیسی کا اعلان

وزیراعظم کے مشیر برائے صنعت و پیداوار ہارون اختر خان نے کہا ہے کہ آٹو اور آٹو پارٹس مینوفیکچرنگ پالیسی 2026-2031 کے تحت پاکستان کی گاڑیاں بنانے والی کمپنیوں سے 2.72 ارب ڈالر جبکہ آٹو پارٹس تیار کرنے والے اداروں سے 3.29 ارب ڈالر کی برآمدات متوقع ہیں۔

ان کے مطابق نئی پالیسی کا بنیادی مقصد محض گاڑیوں کی اسمبلنگ یا درآمدی تحفظ تک محدود نہیں بلکہ پاکستان میں ایک پائیدار صنعتی نظام قائم کرنا ہے، جس کے ذریعے مقامی پیداوار، سرمایہ کاری، روزگار اور جدید ٹیکنالوجی کو فروغ دیا جائے گا۔

ہارون اختر خان نے بتایا کہ 2026 سے 2031 تک آٹو موٹیو شعبے سے مجموعی طور پر تقریباً 6 ارب ڈالر کی برآمدات کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ اس میں 55 فیصد حصہ آٹو پارٹس مینوفیکچررز جبکہ 45 فیصد گاڑیاں تیار کرنے والی کمپنیوں سے حاصل کرنے کی توقع ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں تقریباً 2,200 آٹو پارٹس تیار کرنے والے ادارے کام کر رہے ہیں۔ ان کی استعداد بڑھانے کے لیے 2.1 ارب روپے کی لاگت سے وینڈر اپ گریڈیشن اینڈ ٹیکنالوجی ٹرانسفر پروگرام شروع کیا جائے گا، جس کے تحت جدید ٹیکنالوجی، ہنرمندی، بین الاقوامی معیار کے سرٹیفکیشن اور برآمدی تیاری میں معاونت فراہم کی جائے گی۔

پالیسی میں مقامی سطح پر پرزہ جات کی تیاری بڑھانے کے لیے لوکلائزیشن کی شرائط بھی شامل ہیں۔ مقررہ اہداف پورے نہ کرنے کی صورت میں متعلقہ درآمدی سی کے ڈی پر اگلے مالی سال میں کسٹمز ڈیوٹی میں اضافی 3 فیصد پوائنٹس کا اضافہ کیا جا سکے گا۔

مشیر صنعت کے مطابق برآمد کنندگان کے لیے مقامی ٹیکسوں اور لیویز کی واپسی کے تحت خالص ایف او بی برآمدی مالیت پر 5 فیصد معاونت جبکہ مقررہ شرائط کے تحت اضافی برآمدات پر مزید 10 فیصد مراعات بھی دی جائیں گی۔

انہوں نے مزید بتایا کہ نئی پالیسی کے تحت 2026 سے 2031 تک مقامی پیداوار اور لوکلائزیشن کے ذریعے تقریباً 17.7 ارب ڈالر کے زرمبادلہ کی بچت متوقع ہے۔

More News