سندھ: سرکاری ملازمین کی HRMIS پورٹل پر رجسٹریشن لازمی قرار، 10 روز کی مہلت
محکمہ صحت سندھ نے سرکاری ملازمین کی ہیومن ریسورس مینجمنٹ انفارمیشن سسٹم (HRMIS) پورٹل پر رجسٹریشن لازمی قرار دیتے ہوئے اس حوالے سے اہم سرکلر جاری کر دیا ہے۔ نئے احکامات کے تحت گریڈ 16 اور اس سے اوپر کے تمام سرکاری ملازمین کو فوری طور پر پورٹل پر اپنا اندراج مکمل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
محکمہ صحت سندھ کے جاری کردہ سرکلر کے مطابق ملازمین کو رجسٹریشن کے لیے 10 روز کی مہلت دی گئی ہے۔ جن ملازمین نے تاحال پورٹل پر رجسٹریشن نہیں کروائی، انہیں مقررہ مدت کے اندر اپنا اندراج مکمل کرنا ہوگا، جبکہ پہلے سے رجسٹرڈ ملازمین کو بھی اپنی مطلوبہ دستاویزات پورٹل پر اپ لوڈ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
سرکلر میں انکشاف کیا گیا ہے کہ محکمہ صحت کے متعدد ملازمین نے تاحال HRMIS پورٹل پر رجسٹریشن نہیں کروائی، جبکہ بعض رجسٹرڈ ملازمین کی جانب سے چھٹیوں کے لیے مطلوبہ دستاویزات بھی نامکمل اپ لوڈ کی گئی ہیں۔
محکمہ صحت سندھ نے واضح کیا ہے کہ مقررہ مدت میں رجسٹریشن مکمل نہ کرنے والے ملازمین کو ڈیوٹی سے غیر حاضر تصور کیا جائے گا، جبکہ سرکاری احکامات کی خلاف ورزی اور عدم تعمیل پر متعلقہ ملازمین کے خلاف تادیبی کارروائی بھی عمل میں لائی جائے گی۔
اس سلسلے میں تمام ڈائریکٹرز، ایگزیکٹو ڈائریکٹرز، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسرز (DHO) اور ہسپتالوں کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹس کو احکامات پر عمل درآمد یقینی بنانے کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔







