سرمایہ کار خیبرپختونخوا میں معدنی ذخائر کی تلاش میں سرمایہ کاری کریں، گورنر فیصل کریم کنڈی
گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے ملکی اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کو صوبے میں معدنی ذخائر کی تلاش اور کان کنی کے شعبے میں سرمایہ کاری کی دعوت دیتے ہوئے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا قدرتی وسائل سے مالا مال ہے اور یہاں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں۔
اسلام آباد میں پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم سے خطاب کرتے ہوئے گورنر فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ پاکستان آنے والے تمام سرمایہ کاروں کو خوش آمدید کہتے ہیں۔ سرمایہ کاروں کو محفوظ ماحول فراہم کرنا حکومت کی سب سے بڑی ترجیح ہے تاکہ وہ بلاخوف و خطر مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کر سکیں۔
انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں کان کنی کے شعبے کو فروغ دینا چاہتے ہیں اور اس مقصد کے لیے سرمایہ کاروں کو ون ونڈو آپریشن کی سہولت فراہم کی جائے گی، جس سے سرمایہ کاری کے عمل کو آسان اور مؤثر بنایا جا سکے گا۔
گورنر کا کہنا تھا کہ صوبے میں معدنی وسائل کی تلاش اور ان سے استفادہ کرنے کے وسیع امکانات موجود ہیں، لہٰذا سرمایہ کار خیبرپختونخوا کے منرلز سیکٹر میں سرمایہ کاری کے مواقع سے فائدہ اٹھائیں۔
فیصل کریم کنڈی نے مزید کہا کہ خیبرپختونخوا قدرتی گیس کی پیداوار کے حوالے سے ملک کا دوسرا بڑا صوبہ ہے۔ معدنی وسائل اور توانائی کے شعبے میں سرمایہ کاری سے معاشی سرگرمیوں کو فروغ دینے، روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے اور صوبائی معیشت کو مستحکم بنانے میں مدد مل سکتی ہے۔







