غیرقانونی طور پر لیبیا پہنچنے والے 177 پاکستانی وطن واپس پہنچا دیے گئے

غیرقانونی طور پر لیبیا پہنچنے والے 177 پاکستانی وطن واپس پہنچا دیے گئے

غیرقانونی طریقے سے یورپ جانے کی کوشش کرنے والے ایک سو ستتر پاکستانی شہریوں کو لیبیا سے ڈی پورٹ کرکے خصوصی طیارے کے ذریعے پاکستان واپس پہنچا دیا گیا ہے۔ حکام کے مطابق یہ افراد بہتر مستقبل اور روزگار کی تلاش میں انسانی اسمگلروں کے جھانسے میں آکر غیرقانونی راستوں سے بیرون ملک پہنچے تھے۔

ذرائع کے مطابق یہ تمام افراد ڈنگی بوٹس کے ذریعے لیبیا پہنچے تھے، جہاں انہیں مختلف مشکلات اور غیر یقینی صورتحال کا سامنا کرنا پڑا۔ بعد ازاں لیبیا حکام نے انہیں گرفتار کرکے پاکستانی حکام کے حوالے کیا، جس کے بعد خصوصی پرواز کے ذریعے ان کی وطن واپسی ممکن بنائی گئی۔

وفاقی تحقیقاتی ادارے کے ذرائع کا کہنا ہے کہ ان افراد کو بیرون ملک بھجوانے میں ملوث انسانی اسمگلروں اور ایجنٹس کے خلاف کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ متعلقہ ایجنٹس کے نام ریڈ بُک میں شامل کر لیے گئے ہیں جبکہ انسانی اسمگلنگ میں ملوث عناصر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ریڈار پر آ چکے ہیں۔

ڈی پورٹ کیے جانے والے افراد میں سب سے زیادہ تعلق پنجاب کے مختلف شہروں سے بتایا گیا ہے۔ حکام کے مطابق ان میں انسٹھ افراد لاہور، اٹھاون گجرات، چھبیس راولپنڈی اور تئیس گوجرانوالہ سے تعلق رکھتے ہیں۔ اس کے علاوہ دس افراد سیالکوٹ جبکہ ایک شخص اسلام آباد کا رہائشی بتایا گیا ہے۔

تحقیقات کے دوران یہ بات سامنے آئی ہے کہ یہ افراد ایران اور سعودی عرب کے راستے لیبیا پہنچے تھے۔ ذرائع کے مطابق انسانی اسمگلنگ میں ملوث گروہ شہریوں کو یورپ پہنچانے کے جھوٹے خواب دکھا کر لاکھوں روپے بٹورتے ہیں اور بعد ازاں انہیں خطرناک سمندری راستوں پر چھوڑ دیتے ہیں، جہاں کئی افراد اپنی جانوں سے بھی ہاتھ دھو بیٹھتے ہیں۔

حکام کے مطابق تمام ڈی پورٹیز کو ایف آئی اے کے اینٹی ہیومن اسمگلنگ سیل منتقل کر دیا گیا ہے، جہاں ان سے مزید پوچھ گچھ جاری ہے۔ بعد ازاں انہیں مختلف ایف آئی اے زونز کے حوالے کیا جائے گا تاکہ انسانی اسمگلنگ کے نیٹ ورک سے متعلق مزید معلومات حاصل کی جا سکیں۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ نوجوانوں میں بیرون ملک جانے کی بڑھتی خواہش اور بے روزگاری انسانی اسمگلروں کے لیے مواقع پیدا کر رہی ہے۔ انہوں نے حکومت پر زور دیا ہے کہ انسانی اسمگلنگ کے خلاف سخت اقدامات کیے جائیں اور عوام میں آگاہی مہم چلائی جائے تاکہ شہری غیرقانونی راستے اختیار کرنے سے گریز کریں۔

More News

Crime

خیبرپختونخوا پولیس کا مائننگ ایکسپلوسیو کے دہشتگردی میں استعمال کو روکنے کیلئے حکمت عملی بنانے کا فیصلہ

خیبرپختونخوا پولیس کا مائننگ بارودی مواد کے دہشتگردی میں استعمال کی روک تھام کے لیے نئی حکمت عملی تیار کرنے کا فیصلہ پشاور:سید عدنان خیبرپختونخوا

Read More »