جمرود پولیس کی منشیات فروشوں کے خلاف بڑی کارروائی، تین ملزمان گرفتار
جمرود:عزت گل
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) خیبر وقار احمد کی خصوصی ہدایات پر جمرود پولیس نے منشیات فروشوں اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کامیاب کارروائیاں کرتے ہوئے تین ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ پولیس کے مطابق کارروائیوں کے دوران بھاری مقدار میں آئس، ایکسٹیسی گولیاں اور نقد رقم بھی برآمد کی گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق ایس ایچ او جمرود صدیق خان کی سربراہی میں اسسٹنٹ انچارج زرمت خان شہید چوکی نعمت خان اور دیگر اہلکاروں نے مختلف علاقوں میں کارروائیاں کیں۔ کارروائیوں کے دوران اظہار، عرفان اور زیشان نامی ملزمان کو حراست میں لیا گیا، جو مبینہ طور پر منشیات فروشی کے دھندے میں ملوث تھے۔
پولیس کے مطابق ملزم اظہار کے قبضے سے 176 گرام آئس، 300 عدد ایکسٹیسی گولیاں اور منشیات فروشی سے حاصل ہونے والی نقد رقم برآمد ہوئی۔ اسی طرح ملزم عرفان کے قبضے سے 50 گرام آئس، 400 عدد ایکسٹیسی گولیاں اور نقد رقم برآمد کی گئی۔ ایک اور کارروائی میں ملزم زیشان کے قبضے سے 44 گرام آئس، 270 عدد ایکسٹیسی گولیاں اور مبینہ طور پر منشیات کے کاروبار سے حاصل ہونے والی رقم برآمد کی گئی۔
پولیس نے تمام برآمد شدہ منشیات اور نقد رقم کو تحویل میں لے کر ملزمان کے خلاف مختلف دفعات کے تحت مقدمات درج کر لیے ہیں۔ حکام کے مطابق گرفتار افراد سے مزید تفتیش جاری ہے اور ان کے ممکنہ نیٹ ورک اور دیگر ساتھیوں کے بارے میں معلومات حاصل کی جا رہی ہیں۔
اس موقع پر ایس ایچ او جمرود صدیق خان نے کہا کہ نوجوان نسل کو منشیات کی لعنت سے محفوظ رکھنے اور معاشرے میں امن و امان برقرار رکھنے کے لیے منشیات فروشوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ قانون شکن عناصر کے ساتھ کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی اور جرائم پیشہ افراد کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔








