وزیر داخلہ محسن نقوی کی منصورہ آمد، امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن سے اہم ملاقات
لاہور:ویب ڈیسک
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے منصورہ میں امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن سے ملاقات کی، جس میں ملک کی سیاسی، معاشی اور امن و امان کی مجموعی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات کے دوران ایران اور امریکا کے درمیان حالیہ مفاہمت کے بعد خطے کی بدلتی ہوئی صورتحال اور اس کے ممکنہ اثرات پر بھی گفتگو کی گئی۔
ذرائع کے مطابق دونوں رہنماؤں نے ایران اور امریکا کے درمیان ہونے والی مفاہمت کو خطے میں امن، استحکام اور کشیدگی کے خاتمے کے لیے ایک مثبت پیش رفت قرار دیا۔ اس موقع پر حافظ نعیم الرحمن نے ایران امریکا مفاہمت کے حوالے سے پاکستان کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے خطے میں امن کے قیام اور سفارتی روابط کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کیا ہے، جسے ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
ملاقات میں وزیر داخلہ محسن نقوی نے ایران امریکا مذاکرات اور اس حوالے سے حکومت کی سفارتی کوششوں اور اقدامات سے امیر جماعت اسلامی کو آگاہ کیا۔ انہوں نے خطے کی موجودہ صورتحال، علاقائی استحکام اور پاکستان کی خارجہ پالیسی سے متعلق مختلف امور پر بھی تبادلہ خیال کیا۔
اس موقع پر حافظ نعیم الرحمن نے صومالیہ میں پھنسے پاکستانی شہریوں کے مسئلے کو بھی اٹھایا اور حکومت پر زور دیا کہ وہ ان پاکستانیوں کی فوری، محفوظ اور باعزت وطن واپسی کے لیے مؤثر سفارتی اقدامات کرے۔ انہوں نے کہا کہ بیرون ملک مشکلات کا شکار پاکستانیوں کی مدد اور تحفظ حکومت کی اولین ذمہ داری ہونی چاہیے۔
ملاقات کے دوران ملکی معیشت، مہنگائی، عوامی مسائل اور عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے مختلف اقدامات پر بھی تفصیلی گفتگو کی گئی۔ دونوں رہنماؤں نے اس امر پر اتفاق کیا کہ معاشی استحکام اور عوامی فلاح کے لیے مؤثر پالیسیوں اور قومی سطح پر تعاون کی ضرورت ہے۔
حافظ نعیم الرحمن نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایران امریکا مفاہمت کے حوالے سے پاکستان کے تاریخی کردار کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا اور اس پیش رفت سے پورے خطے میں پائیدار امن کی راہ ہموار ہوئی ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ خطے میں امن کے قیام سے اقتصادی سرگرمیوں اور علاقائی تعاون کو بھی فروغ ملے گا۔
وزیر داخلہ محسن نقوی نے اس موقع پر کہا کہ وزیراعظم اور فیلڈ مارشل نے خطے میں امن کے قیام اور کشیدگی کے خاتمے کے لیے اہم اور قابلِ ذکر کردار ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ امن، استحکام اور مذاکرات کے ذریعے مسائل کے حل کی حمایت کی ہے اور خطے میں کشیدگی کے خاتمے کا کریڈٹ پاکستان کو جاتا ہے۔
محسن نقوی نے مزید کہا کہ پاکستان کی قیادت نے قومی مفاد اور علاقائی امن کے لیے مسلسل کوششیں کیں اور اللہ تعالیٰ کے حضور شکر گزار ہیں کہ ان کاوشوں کے مثبت نتائج سامنے آئے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان آئندہ بھی خطے میں امن و استحکام کے فروغ کے لیے اپنا کردار ادا کرتا رہے گا








