پشاور پولیس کو مطلوب اشتہاری ملزم انٹرپول کی مدد سے بحرین سے گرفتار

پشاور پولیس کو مطلوب اشتہاری ملزم انٹرپول کی مدد سے بحرین سے گرفتار

پشاور: پشاور پولیس نے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیوں کے سلسلے میں ایک اہم کامیابی حاصل کرتے ہوئے درجنوں مقدمات میں مطلوب اشتہاری ملزم کو انٹرپول کی مدد سے بحرین سے گرفتار کر لیا ہے۔

کیپٹل سٹی پولیس آفیسر (سی سی پی او) پشاور ڈاکٹر میاں سعید کے مطابق ملزم ممتاز عرف ممتازے پولیس کو قتل، اقدام قتل، بھتہ خوری، اسلحہ کلچر، قبضہ مافیا اور دیگر سنگین جرائم سمیت چالیس سے زائد مقدمات میں مطلوب تھا۔

انہوں نے کہا کہ پشاور پولیس کی جانب سے جرائم پیشہ عناصر اور منظم جرائم میں ملوث افراد کے خلاف کریک ڈاؤن مسلسل جاری ہے، جس کے دوران مطلوب ملزمان کی گرفتاری کے لیے جدید ذرائع اور بین الاقوامی تعاون سے بھی استفادہ کیا جا رہا ہے۔

سی سی پی او کے مطابق ملزم طویل عرصے سے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو مطلوب تھا اور بیرون ملک موجودگی کے باعث گرفتاری سے بچ رہا تھا۔ تاہم پشاور پولیس نے انٹرپول کے تعاون سے ملزم کا سراغ لگا کر اسے بحرین میں حراست میں لے لیا۔

ڈاکٹر میاں سعید نے بتایا کہ ملزم کو پاکستان منتقل کرنے کے لیے قانونی اور سفارتی تقاضے مکمل کیے جا رہے ہیں، جس کے بعد اسے وطن واپس لا کر قانون کے مطابق عدالت میں پیش کیا جائے گا۔

انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیاں بلاامتیاز جاری رہیں گی اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے۔

More News