محسن نقوی اور اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کی ملاقات، علاقائی امن اور قیامِ امن مشنز پر تبادلہ خیال
اسلام آباد(نیوز ڈیسک )وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس سے ملاقات کی، جس میں مغربی ایشیا میں جاری تنازعات، علاقائی امن و استحکام اور اقوام متحدہ کے قیامِ امن مشنز سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران انتونیو گوتریس نے عالمی امن کے لیے پاکستان کی کوششوں اور اقوام متحدہ کے قیامِ امن مشنز میں پاکستان کے طویل المدتی کردار کو سراہتے ہوئے اس پر شکریہ ادا کیا۔
محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان نے چیلنجز کے باوجود فیلڈ مارشل اور وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں علاقائی امن و استحکام کے فروغ اور انسانی جانوں کے تحفظ کے لیے ذمہ دارانہ کردار ادا کیا ہے۔
انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ اقوام متحدہ کے امن مشنز کی کامیابی کے لیے حقیقت پسندانہ مینڈیٹ اور مطلوبہ وسائل کی فراہمی ناگزیر ہے۔








