پی ڈی ایم اے کا بارشوں، تیز ہواؤں اور گرج چمک کا الرٹ جاری
پشاور: پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے 11 اور 12 جولائی کے لیے خیبرپختونخوا بھر میں بارش، تیز ہواؤں اور گرج چمک کا الرٹ جاری کر دیا ہے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق چترال، سوات، دیر، شانگلہ، مانسہرہ اور کوہستان میں موسلادھار بارش، لینڈ سلائیڈنگ، جبکہ ملاکنڈ اور ہزارہ ڈویژن کے بعض علاقوں میں فلیش فلڈ کا خدشہ ہے۔ پشاور، چارسدہ، نوشہرہ، مردان، صوابی اور ایبٹ آباد میں اربن فلڈنگ کا بھی امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
ترجمان پی ڈی ایم اے نے متعلقہ اداروں کو پیشگی حفاظتی اقدامات، ریسکیو ٹیموں اور ایمرجنسی سروسز کو الرٹ رکھنے کی ہدایت کی ہے۔ عوام، سیاحوں اور کاشتکاروں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں ہیلپ لائن 1700 پر رابطہ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔








