افغان سرزمین دہشت گردی کے لیے استعمال نہ ہونے دی جائے، حافظ نعیم الرحمان

افغان سرزمین دہشت گردی کے لیے استعمال نہ ہونے دی جائے، حافظ نعیم الرحمان

امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ افغان حکومت کو یقینی بنانا ہوگا کہ افغان سرزمین کسی بھی صورت دہشت گردی کے لیے استعمال نہ ہو، جبکہ پاکستان کو افغانستان کے ساتھ تعلقات بہتر بنانے کے لیے مؤثر اقدامات کرنے چاہییں۔

مرکزی مجلس شوریٰ کے اجلاس کے بعد گفتگو کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ فلسطینی عوام کی استقامت نے دنیا میں طاقت کے توازن سے متعلق کئی تصورات بدل دیے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ایرانی قوم نے بھی مشکلات کا ڈٹ کر مقابلہ کیا اور اتحاد کا مظاہرہ کیا۔

انہوں نے ملک میں لسانی گروہوں کے بڑھتے رجحان پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ متعلقہ اداروں کو اپنی پالیسیوں پر نظرثانی کرنی چاہیے۔ آزاد کشمیر کی موجودہ صورتحال پر بھی تشویش ظاہر کرتے ہوئے انہوں نے سیاسی قیادت پر زور دیا کہ وہ اپنا مؤثر کردار ادا کرے اور تمام فریق تشدد کے بجائے مذاکرات کا راستہ اختیار کریں۔

حافظ نعیم الرحمان نے بڑھتی ہوئی مہنگائی کو عوام کے لیے بڑا مسئلہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ تیل، بجلی اور گیس عام آدمی کی پہنچ سے باہر ہو چکے ہیں۔ انہوں نے جماعت اسلامی کے کارکنان کو عوامی مسائل کے حل کے لیے فعال کردار ادا کرنے اور آئندہ کینٹونمنٹ و بلدیاتی انتخابات کی تیاریوں کا فوری آغاز کرنے کی ہدایت بھی کی۔

More News