دورۂ ویسٹ انڈیز سے قبل پاکستان ٹیسٹ ٹیم کی تیاریاں عروج پر
دورۂ ویسٹ انڈیز کی تیاریوں کے سلسلے میں پاکستان ٹیسٹ ٹیم کا تربیتی کیمپ راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں جاری ہے، جہاں کھلاڑی کوچز کی نگرانی میں بھرپور ٹریننگ کر رہے ہیں۔
کیمپ کے دوران کھلاڑیوں نے فیلڈنگ ڈرلز، مختلف میچ صورتحال پر مبنی پریکٹس اور بیٹنگ سیشنز میں حصہ لیا، جبکہ باؤلرز کو مختلف حالات میں طویل اسپیلز بھی کروائے گئے تاکہ انہیں آئندہ سیریز کے لیے تیار کیا جا سکے۔
شیڈول کے مطابق قومی ٹیم آج آرام کرے گی، جبکہ پاکستان ٹیسٹ سکواڈ 13 جولائی کو اسلام آباد سے ویسٹ انڈیز کے لیے روانہ ہوگا۔
پاکستان ٹیم 18 سے 21 جولائی تک ویسٹ انڈیز میں چار روزہ پریکٹس میچ کھیلے گی، جبکہ آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے تحت پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان دو ٹیسٹ میچز 25 جولائی سے 10 اگست تک برائن لارا کرکٹ اکیڈمی، ٹوروبا اور کوئینز پارک اوول، پورٹ آف اسپین میں کھیلے جائیں گے۔








