بونیر میں نامعلوم ملزمان کی فائرنگ، سی ٹی ڈی کے سب انسپکٹر شہید
بونیر(نیوز ڈیسک )خیبرپختونخوا کے ضلع بونیر میں نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے انسداد دہشت گردی محکمہ (سی ٹی ڈی) کے سب انسپکٹر مسکین زادہ خان شہید ہو گئے۔
پولیس کے مطابق واقعہ طوطالئی کے علاقے میں پیش آیا، جہاں سب انسپکٹر مسکین زادہ خان پر نامعلوم مسلح افراد نےاچانک فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں وہ موقع پر ہی شہید ہو گئے۔ حملہ آور کارروائی کے بعد فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔
واقعے کے بعد پولیس اور سیکیورٹی اہلکاروں نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔ حکام کے مطابق حملہ آوروں کی گرفتاری کے لیے شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں اور مختلف پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے میں ملوث عناصر کو جلد قانون کی گرفت میں لایا جائے گا۔







