خواتین کا معاشی استحکام پائیدار ترقی کی بنیاد ہے، چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی

خواتین کا معاشی استحکام پائیدار ترقی کی بنیاد ہے، چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی

اسلام آباد: چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ اسلام نے 14 صدیاں قبل خواتین کو عزت، مساوات، تعلیم، وراثت اور معاشی حقوق عطا کیے، جبکہ خواتین کا معاشی استحکام پائیدار ترقی کی بنیاد اور اسلامی تعلیمات کا بنیادی تقاضا ہے۔

اسلام آباد میں او آئی سی کی وزارتی کانفرنس برائے خواتین سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مسلم خواتین نے ہر دور میں علم، قیادت، تجارت، سفارت کاری اور سماجی ترقی میں نمایاں کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے شہید محترمہ بینظیر بھٹو کو مسلم دنیا کی پہلی خاتون وزیراعظم قرار دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے خواتین کے حقوق کے فروغ کے لیے تاریخی خدمات انجام دیں۔

چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پاکستان خواتین کی تعلیم، ڈیجیٹل شمولیت، کاروباری مواقع اور مالی خودمختاری کے فروغ کے لیے پرعزم ہے۔ ان کے بقول، بینظیر انکم سپورٹ پروگرام نے لاکھوں خواتین کو معاشی خودمختاری اور باوقار زندگی فراہم کرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔

یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ خواتین کی فیصلہ سازی، قیادت اور معاشی سرگرمیوں میں مؤثر شمولیت وقت کی اہم ضرورت ہے، جبکہ خواتین کے خلاف تشدد اور امتیازی سلوک ترقی کی راہ میں بڑی رکاوٹ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان نے خواتین کے تحفظ اور ان کے حقوق کے فروغ کے لیے مؤثر قانون سازی اور ادارہ جاتی اصلاحات کی ہیں، جبکہ تعلیم اور صحت کو خواتین کے حقیقی معاشی استحکام کے بنیادی ستون قرار دیا۔

چیئرمین سینیٹ نے او آئی سی کے رکن ممالک پر زور دیا کہ وہ خواتین کے معاشی استحکام کے لیے مشترکہ حکمت عملی اور عملی اقدامات اختیار کریں، کیونکہ پارلیمانی سفارت کاری مشترکہ عالمی چیلنجز سے نمٹنے کا ایک مؤثر ذریعہ ہے۔

More News