ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کے وافر ذخائر موجود ہیں، قلت کی خبریں بے بنیاد ہیں: این سی ایم سی
اسلام آباد: نیشنل کوآرڈینیشن اینڈ مینجمنٹ کونسل (این سی ایم سی) نے ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کی قلت سے متعلق گردش کرنے والی خبروں کو مسترد کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ ملک بھر میں پیٹرول، ڈیزل اور دیگر پیٹرولیم مصنوعات کے وافر ذخائر موجود ہیں اور عوام کو کسی قسم کی پریشانی یا غیر ضروری خریداری کی ضرورت نہیں۔
این سی ایم سی کے اہم اجلاس میں ملک بھر میں پیٹرولیم مصنوعات کی دستیابی، طلب اور رسد کی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں متعلقہ اداروں نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ موجودہ ذخائر ملکی ضروریات پوری کرنے کے لیے کافی ہیں اور آئل سپلائی چین معمول کے مطابق کام کر رہی ہے۔ حکام کے مطابق آئل مارکیٹنگ کمپنیوں اور ریفائنریوں کے پاس مطلوبہ مقدار میں اسٹاک موجود ہے، جس کے باعث ملک میں ایندھن کی فراہمی بلا تعطل جاری رہے گی۔
اجلاس کے دوران اس بات پر بھی زور دیا گیا کہ سوشل میڈیا یا غیر مصدقہ ذرائع سے پھیلنے والی افواہوں پر توجہ نہ دی جائے، کیونکہ ایسی اطلاعات عوام میں بے چینی پیدا کرنے اور غیر ضروری خریداری کا سبب بن سکتی ہیں۔ این سی ایم سی نے عوام سے اپیل کی کہ وہ صرف سرکاری اور مستند ذرائع سے جاری ہونے والی معلومات پر اعتماد کریں۔
کونسل نے آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) اور تمام صوبائی حکومتوں کو ہدایت کی کہ پیٹرولیم مصنوعات کی ذخیرہ اندوزی، مصنوعی قلت پیدا کرنے اور ناجائز منافع خوری کے خلاف سخت اور مؤثر کارروائیاں کی جائیں۔ اجلاس میں اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ کسی بھی فرد یا ادارے کو عوامی ضروریات سے کھیلنے کی اجازت نہیں دی جائے گی اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
این سی ایم سی نے یقین دہانی کرائی کہ حکومت ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کی مسلسل فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے تمام متعلقہ اداروں کے ساتھ رابطے میں ہے اور صورتحال کی مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے تاکہ عوام کو بلا تعطل ایندھن کی فراہمی جاری رہے۔








