باجوڑ، فرنٹیئر کور کے پی نارتھ کے زیر اہتمام اہم جرگہ، اتمان خیل مشران کا سیکیورٹی فورسز کے ساتھ مکمل تعاون کا اعلان

باجوڑ: ایف سی کے پی نارتھ کے زیر اہتمام جرگہ، اتمان خیل مشران کا سیکیورٹی فورسز سے مکمل تعاون کا اعلان

باجوڑ: فرنٹیئر کور خیبر پختونخوا نارتھ کے زیر اہتمام ہیڈکوارٹرز باجوڑ سکاؤٹس میں ایک اہم جرگہ منعقد ہوا، جس میں اتمان خیل قوم کے ملکان، مشران اور ضلعی انتظامیہ کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ جرگے میں علاقے کی مجموعی امن و امان کی صورتحال، دہشت گردی کے خطرات، خوارج کی نقل و حرکت اور سول و ملٹری تعاون کو مزید مؤثر بنانے کے مختلف پہلوؤں پر تفصیلی غور کیا گیا۔

جرگہ انسپکٹر جنرل فرنٹیئر کور خیبر پختونخوا نارتھ میجر جنرل راؤ عمران سرتاج کی خصوصی ہدایات پر منعقد کیا گیا، جبکہ اس کی صدارت کمانڈنٹ باجوڑ سکاؤٹس وقاص گمند نے کی۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر باجوڑ عدنان فرید اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر محمد خالد بھی شریک ہوئے۔

شرکاء نے علاقے کی موجودہ سیکیورٹی صورتحال پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے امن کے قیام کے لیے عوام اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے درمیان قریبی رابطوں کی ضرورت پر زور دیا۔ جرگے میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ دہشت گرد عناصر کے خلاف مؤثر کارروائیوں اور عوامی تعاون کے ذریعے علاقے میں پائیدار امن کو یقینی بنایا جا سکتا ہے۔

اتمان خیل قوم کے مشران نے سیکیورٹی فورسز کے ساتھ مکمل تعاون اور حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ علاقے کے امن، استحکام اور ترقی کے لیے عوام اور سیکیورٹی اداروں کا باہمی اعتماد انتہائی اہم ہے اور ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے گا۔

جرگے کے اختتام پر اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ باجوڑ میں امن و امان کے قیام، خوارج کے خلاف مشترکہ اقدامات اور سول و ملٹری ہم آہنگی کو مزید مضبوط بنایا جائے گا تاکہ علاقے کو دہشت گردی سے پاک اور عوام کے لیے محفوظ بنایا جا سکے۔

More News