لاہور: پنجاب میں مون سون بارشوں کا سلسلہ جاری، دریاؤں میں پانی کی سطح بلند، مختلف حادثات میں 8 افراد جاں بحق، 37 زخمی۔
لاہور: پنجاب بھر میں مون سون بارشوں کا سلسلہ جاری ہے، جبکہ محکمہ موسمیات اور پی ڈی ایم اے نے مزید بارشوں، دریاؤں میں پانی کے بہاؤ میں اضافے اور ممکنہ سیلاب کے پیش نظر الرٹ جاری کر دیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آج لاہور سمیت صوبے کے بیشتر اضلاع میں کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش کا امکان ہے۔ لاہور میں درجہ حرارت 27 سے 29 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان رہنے کی توقع ہے، جبکہ واسا کے عملے کو نکاسی آب کے لیے ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق مون سون بارشوں کا دوسرا اسپیل 24 جولائی تک جاری رہنے کا امکان ہے۔ دریائے سندھ میں کالا باغ اور چشمہ، جبکہ دریائے چناب میں مرالہ، خانکی اور قادرآباد کے مقامات پر نچلے اور درمیانے درجے کے سیلاب کی صورتحال ہے، جبکہ دیگر دریاؤں میں پانی کا بہاؤ معمول کے مطابق ہے۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے عمر عباس میلہ نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ دریاؤں اور ندی نالوں کے قریب جانے سے گریز کریں اور نشیبی علاقوں کے مکین احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔
ترجمان ریسکیو کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران پنجاب بھر میں بارش، آندھی، چھتیں اور دیواریں گرنے، کرنٹ لگنے اور دیگر حادثات میں 8 افراد جاں بحق جبکہ 37 زخمی ہوئے۔ گوجرانوالہ، کامونکی، پاکپتن، ساہیوال، لاہور، منڈی بہاؤالدین، بہاولنگر، سیالکوٹ، مری اور کہوٹہ سے بھی مختلف حادثات کی اطلاعات موصول ہوئیں۔







