وزیرِ پیٹرولیم سے آئل ٹینکر کنٹریکٹرز کی ملاقات، مسائل کے حل کے لیے اعلیٰ سطح کمیٹی قائم

وزیرِ پیٹرولیم سے آئل ٹینکر کنٹریکٹرز کی ملاقات، مسائل کے حل کے لیے اعلیٰ سطح کمیٹی قائم

اسلام آباد: وفاقی وزیرِ پیٹرولیم علی پرویز ملک سے آئل ٹینکر کنٹریکٹرز ایسوسی ایشن کے وفد نے ملاقات کی، جس میں آئل ٹینکرز سے متعلق مسائل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا اور باہمی مشاورت سے مسائل حل کرنے پر اتفاق کیا گیا۔

ملاقات میں اوٹکا کے وفد نے صدر عابداللہ آفریدی کی قیادت میں شرکت کی اور وائٹ آئل پائپ لائن کے کوٹے میں کمی، فریٹ فارمولے اور کمرشل لوڈنگ سمیت دیگر مسائل وزیرِ پیٹرولیم کے سامنے پیش کیے۔

علی پرویز ملک نے آئل ٹینکر کنٹریکٹرز کے مسائل کے حل کے لیے اعلیٰ سطح کی کمیٹی تشکیل دے دی، جس کی سربراہی اسپیشل سیکریٹری پیٹرولیم کریں گے۔ کمیٹی میں ڈائریکٹر جنرل آئل، اوگرا، اوٹکا اور او سی اے سی کے نمائندے شامل ہوں گے، جبکہ کمیٹی ایک ہفتے کے اندر اپنی سفارشات پیش کرے گی۔

وزیرِ پیٹرولیم نے اوگرا کو ہدایت کی کہ آئل ٹینکر کنٹریکٹرز کے جائز مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے۔ انہوں نے آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کو فریٹ معاہدوں سے متعلق تحریری پالیسی جمع کرانے کی بھی ہدایت کی۔

علی پرویز ملک نے اوگرا کو آئل ٹینکرز کی مؤثر نگرانی اور ٹریکنگ یقینی بنانے جبکہ ڈیلرز کی گاڑیوں کو بنیادی ترسیلی نظام سے الگ رکھنے کی ہدایت بھی کی۔

وفاقی وزیرِ پیٹرولیم کا کہنا تھا کہ حکومت کی اولین ترجیح عوام کو بلا تعطل ایندھن کی فراہمی یقینی بنانا ہے۔ دوسری جانب اوٹکا نے وزیرِ پیٹرولیم کے مثبت کردار کو سراہتے ہوئے کمیٹی کے قیام کا خیرمقدم کیا اور مذاکرات کے ذریعے مسائل کے حل پر اعتماد کا اظہار کیا۔

More News