آسمان پر بادلوں کا راج، بارشوں کی پیشگوئی، گرمی سے پریشان عوام کے لیے بڑی خوشخبری
اسلام آباد: ملک کے مختلف حصوں میں شدید گرمی اور حبس سے پریشان شہریوں کے لیے محکمہ موسمیات نے خوش آئند پیشگوئی کرتے ہوئے آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کئی علاقوں میں تیز ہواؤں، گرج چمک اور بارش کی نوید سنائی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق اگرچہ ملک کے بیشتر میدانی علاقوں میں دن کے اوقات میں گرمی اور حبس برقرار رہے گا، تاہم شام اور رات کے وقت مختلف علاقوں میں بارش کا امکان ہے، جس سے موسم خوشگوار ہونے کی توقع ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور اس کے گردونواح میں دن کے وقت موسم گرم اور مرطوب رہے گا، تاہم شام کے بعد مطلع جزوی ابر آلود ہونے کے ساتھ تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔ ماہرین کے مطابق یہ بارش گرمی کی شدت میں کمی لانے میں مددگار ثابت ہوگی۔
خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں بھی جزوی ابر آلود موسم رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ چترال، اپر اور لوئر دیر، سوات، کوہستان، شانگلہ، بٹگرام، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور اور شمالی و جنوبی وزیرستان کے مختلف علاقوں میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ بعض مقامات پر موسلادھار بارش بھی ہو سکتی ہے، جس کے باعث مقامی ندی نالوں میں پانی کے بہاؤ میں اضافہ متوقع ہے۔
پنجاب کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور حبس زدہ رہے گا، تاہم شام اور رات کے دوران لاہور، گوجرانوالہ، شیخوپورہ، قصور، سیالکوٹ، نارووال، چکوال، اٹک، جہلم، منڈی بہاؤالدین، حافظ آباد، سرگودھا، فیصل آباد، راولپنڈی، مری، گلیات اور ملحقہ علاقوں میں بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ محکمہ موسمیات نے شہریوں کو آندھی اور گرج چمک کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی بھی ہدایت کی ہے۔
سندھ کے بیشتر اضلاع میں شدید گرمی اور حبس برقرار رہنے کا امکان ہے، جبکہ کراچی اور اس کے مضافاتی علاقوں میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کی توقع ہے۔ بلوچستان کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم رہے گا، جبکہ وسطی اور جنوبی اضلاع میں شدید گرمی برقرار رہنے کا امکان ہے۔
کشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی مختلف مقامات پر تیز ہواؤں، گرج چمک اور بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے، جس سے پہاڑی علاقوں میں موسم مزید خوشگوار ہونے کی امید ہے۔
گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہا، تاہم چھور، اوکاڑہ اور گلگت بلتستان کے چند علاقوں میں بارش ریکارڈ کی گئی۔ سب سے زیادہ بارش چھور میں 6 ملی میٹر، اوکاڑہ میں 5 ملی میٹر، گوپس میں 4 ملی میٹر جبکہ اسکردو اور استور میں ایک، ایک ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آج ملک کا سب سے زیادہ درجہ حرارت نوکنڈی، دالبندین اور دادو میں 45 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جس کے باعث شہریوں کو غیر ضروری طور پر دھوپ میں نکلنے سے گریز اور پانی کا زیادہ استعمال کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔








