خیبر پختونخوا کے 9 کوہ پیماؤں نے 6050 میٹر بلند تھلو زوم چوٹی سر کرلی
خیبر پختونخوا کے 9 رکنی کوہ پیماؤں کی ٹیم نے ہندوکش پہاڑی سلسلے کی مشکل ترین اور کم سر کی جانے والی 6050 میٹر بلند تھلو زوم چوٹی کامیابی سے سر کر کے قومی پرچم لہرا دیا۔
خیبر پختونخوا ٹورازم اتھارٹی کے مطابق آٹھ روزہ دشوار گزار مہم کا آغاز 9 جولائی کو ہوا، جبکہ کوہ پیماؤں نے 17 جولائی کو تقریباً 8 گھنٹے کی مسلسل چڑھائی کے بعد چوٹی سر کی۔
مہم کے دوران ٹیم نے کمراٹ اور چترال کے دشوار گزار راستوں، گلیشیئرز اور برفانی دراڑوں کو عبور کیا، جبکہ مشکل ترین مقامات پر آئس اسکروز نصب کرکے پیش قدمی کی گئی۔
مہم میں خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے 9 کوہ پیما روح اللہ، عمر خان، انتخاب خان، نعمان سمیع، عزت اللہ شاہ، سعید اختر، نعیم خان، فواد خان اور رواز علی شامل تھے۔
کوہ پیماؤں نے کامیاب مہم پر خیبر پختونخوا کلچر اینڈ ٹورازم اتھارٹی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اتھارٹی کی تکنیکی معاونت نے چوٹی سر کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔
تھلو زوم چوٹی سر کرنے کی یہ کامیابی خیبر پختونخوا میں تکنیکی کوہ پیمائی کے فروغ کی جانب اہم سنگ میل قرار دی جارہی ہے۔ اطلاعات کے مطابق تھلو زوم کو پہلی مرتبہ 1971 میں آسٹریلوی جبکہ 2019 میں اطالوی کوہ پیماؤں نے سر کیا تھا۔








