کوہستان کرپشن اسکینڈل، مرکزی ملزم قیصر اقبال کی طبی بنیادوں پر ضمانت کی درخواست خارج

کوہستان کرپشن اسکینڈل، مرکزی ملزم قیصر اقبال کی طبی بنیادوں پر ضمانت کی درخواست خارج

پشاور: احتساب عدالت نے کوہستان میگا کرپشن اسکینڈل کے مرکزی ملزم قیصر اقبال کی طبی بنیادوں پر ضمانت کی درخواست خارج کردی۔

احتساب عدالت کے جج محمد ظفر نے کیس کی سماعت کی۔ دوران سماعت ملزم کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ قیصر اقبال شوگر اور عارضہ قلب سمیت مختلف بیماریوں میں مبتلا ہیں اور انہیں سینئر و ماہر ڈاکٹروں سے علاج کی ضرورت ہے، اس لیے عدالت ملزم کی ضمانت منظور کرے تاکہ وہ اپنا بہتر علاج کراسکیں۔

نیب پراسیکیوٹر نے عدالت کو بتایا کہ قیصر اقبال 36 ارب روپے کے کوہستان میگا کرپشن اسکینڈل کے مرکزی ملزم ہیں اور ان پر 14 ارب روپے کی مبینہ کرپشن کا الزام ہے۔ نیب کے مطابق ملزم گردے، دل اور شوگر کے مرض میں مبتلا نہیں، جس کے حوالے سے ڈاکٹروں کی رپورٹ بھی موجود ہے۔

نیب پراسیکیوٹر نے مزید بتایا کہ ملزم کا علاج لیڈی ریڈنگ اسپتال میں جاری ہے، اس لیے اسے ضمانت پر رہا نہ کیا جائے۔

عدالت نے فریقین کے دلائل مکمل ہونے کے بعد مرکزی ملزم قیصر اقبال کی طبی بنیادوں پر ضمانت کی درخواست خارج کردی۔

More News