ون ڈے سیریز میں شکست پر مایوسی ہوئی، نوجوان کھلاڑی مستقبل کا اثاثہ ہیں: فاطمہ ثنا

ون ڈے سیریز میں شکست پر مایوسی ہوئی، نوجوان کھلاڑی مستقبل کا اثاثہ ہیں: فاطمہ ثنا

لاہور: قومی ویمن کرکٹ ٹیم کی کپتان فاطمہ ثنا نے ون ڈے سیریز میں شکست پر مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ٹیم نے سیریز کا آغاز اچھا کیا تھا، تاہم بعد کے میچز میں توقعات کے مطابق کارکردگی نہ دکھا سکی۔ انہوں نے کہا کہ ہر شکست سے سیکھنے کی ضرورت ہوتی ہے اور کوشش ہوگی کہ اس سیریز کے مثبت پہلوؤں سے فائدہ اٹھا کر آئندہ بہتر نتائج حاصل کیے جائیں۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فاطمہ ثنا نے کہا کہ جس وکٹ پر میچ کھیلا گیا وہ بیٹنگ کے لیے سازگار تھی، لیکن ٹیم اس کا بھرپور فائدہ نہ اٹھا سکی۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر سینئر کھلاڑیوں کے بعد جونیئرز کو موقع ملے تو انہیں ذمہ داری کے ساتھ اپنی صلاحیتوں کا اظہار کرنا چاہیے، کیونکہ مڈل آرڈر میں نوجوان بیٹرز کی بہتر کارکردگی ٹیم کے لیے انتہائی اہم ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس سیریز میں گل فیروزہ اور صدف شمس نے پاور پلے میں ٹیم کو اچھا آغاز فراہم کیا، جو ایک مثبت پہلو ہے۔ اسی طرح سدرا امین نے دباؤ کے باوجود اپنی اننگز کو سنبھالنے کی کوشش کی، جبکہ منیبہ علی نے پانچویں نمبر پر آ کر ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا۔ فاطمہ ثنا کے مطابق ٹیم میں کئی مثبت تبدیلیاں نظر آ رہی ہیں جنہیں مزید بہتر بنانے کی ضرورت ہے۔

قومی کپتان نے باؤلنگ یونٹ کی کارکردگی کو بھی سراہتے ہوئے کہا کہ ام ہانی اور نشرہ سندھو نے اچھی باؤلنگ کی۔ ان کا کہنا تھا کہ نوجوان باؤلرز جتنی جلد تجربہ حاصل کریں گی، مستقبل میں ٹیم کو اتنا ہی فائدہ ہوگا، اسی لیے انہیں زیادہ سے زیادہ مواقع فراہم کیے جا رہے ہیں۔

فاطمہ ثنا نے کہا کہ کھلاڑیوں کو واضح پیغام دیا گیا ہے کہ وہ مثبت سوچ کے ساتھ کھیلیں، کیونکہ نئے تجربات کے دوران بعض اوقات ناکامی بھی سامنے آتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہر کھلاڑی کا کردار پہلے سے واضح ہے، جس سے ٹیم کے اندر اعتماد پیدا ہوتا ہے اور ہر کھلاڑی اپنی ذمہ داری بہتر انداز میں نبھانے کی کوشش کرتی ہے۔

انہوں نے مداحوں سے بھی ٹیم کی حوصلہ افزائی جاری رکھنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ نوجوان ٹیم کو وقت دینے کی ضرورت ہے۔ فاطمہ ثنا نے کہا کہ وہ دی ہنڈرڈ ٹورنامنٹ کھیلنے کے لیے بھی پرجوش ہیں اور کوشش کریں گی کہ وہاں بہترین کارکردگی دکھا کر پاکستان کی دیگر ویمن کرکٹرز کے لیے بھی مواقع پیدا کریں۔

انہوں نے ٹی ٹوئنٹی سیریز کے حوالے سے کہا کہ ٹیم میں کئی نئی اور نوجوان کھلاڑیاں شامل ہیں، اس لیے انہیں اعتماد کے ساتھ کھیلنے اور ہر لمحے سے لطف اندوز ہونے کی ضرورت ہے تاکہ وہ مستقبل میں قومی ٹیم کا مضبوط اثاثہ بن سکیں۔

More News