خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی
پشاور: محکمہ موسمیات نے خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران مطلع جزوی ابر آلود رہنے اور مختلف علاقوں میں تیز ہواؤں، گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق بارش کے باعث بالائی اضلاع میں موسم خوشگوار ہونے کا امکان ہے، جبکہ میدانی علاقوں میں گرمی اور حبس برقرار رہ سکتا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق چترال، اپر اور لوئر دیر، سوات، اپر و لوئر کوہستان، شانگلہ، بٹگرام، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور اور شمالی و جنوبی وزیرستان میں کہیں کہیں گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔ بعض مقامات پر تیز ہوائیں بھی چل سکتی ہیں، جس کے باعث شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران بالاکوٹ میں 29 ملی میٹر، پٹن میں 2 ملی میٹر جبکہ کالام میں 1 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، جس سے ان علاقوں میں موسم نسبتاً خوشگوار ہو گیا۔
محکمہ موسمیات نے بتایا کہ پشاور میں آج زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 39 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے کا امکان ہے، جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 49 فیصد ریکارڈ کیا گیا ہے، جس کی وجہ سے گرمی کی شدت زیادہ محسوس ہو سکتی ہے۔
صوبے کے دیگر علاقوں میں بھی درجہ حرارت مختلف سطح پر ریکارڈ کیا گیا۔ مالم جبہ میں 26 ڈگری سینٹی گریڈ، کاکول میں 32 ڈگری سینٹی گریڈ اور دیر میں 36 ڈگری سینٹی گریڈ درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا، جبکہ چترال میں بھی زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 39 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات نے شہریوں، بالخصوص پہاڑی علاقوں میں سفر کرنے والوں سے کہا ہے کہ وہ موسم کی تازہ صورتحال سے باخبر رہیں اور خراب موسمی حالات کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔








