پشاور: حیات آباد میڈیکل کمپلیکس میں مبینہ بے ضابطگیوں، تقرریوں میں قواعد کی خلاف ورزی، انتظامی بدانتظامی اور دیگر شکایات کا محکمہ صحت خیبرپختونخوا نے نوٹس لیتے ہوئے اعلیٰ سطحی فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی تشکیل دینے کا فیصلہ کرلیا ہے۔
محکمہ صحت خیبرپختونخوا کی جانب سے پالیسی بورڈ میڈیکل ٹیچنگ انسٹی ٹیوشنز کو فوری طور پر اعلیٰ سطحی انکوائری کمیٹی قائم کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ مراسلے کے مطابق کمیٹی خیبرپختونخوا میڈیکل ٹیچنگ انسٹی ٹیوشنز ریفارمز ایکٹ 2015 کے تحت حیات آباد میڈیکل کمپلیکس میں سامنے آنے والی شکایات اور مبینہ بے ضابطگیوں کی مکمل تحقیقات کرے گی۔
مراسلے میں کہا گیا ہے کہ انکوائری کمیٹی شفاف، غیر جانبدار اور منصفانہ تحقیقات کے بعد اپنی رپورٹ اور سفارشات پیش کرے گی، جبکہ کمیٹی کی تشکیل کی منظوری وزیر صحت خیبرپختونخوا نے دے دی ہے۔
ذرائع کے مطابق چند روز قبل حیات آباد میڈیکل کمپلیکس کے ڈائریکٹر کی جانب سے بھرتیوں میں مبینہ بے ضابطگیوں کے حوالے سے اینٹی کرپشن اور سیکرٹری صحت خیبرپختونخوا کو بھی مراسلہ ارسال کیا گیا تھا۔ مذکورہ مراسلے کے بعد ایم ٹی آئی بورڈ آف گورنرز نے ہسپتال کے ڈائریکٹر کو عہدے سے ہٹا دیا تھا۔
اب محکمہ صحت کی ہدایت پر اعلیٰ سطحی انکوائری کمیٹی تشکیل دی جائے گی جو تمام متعلقہ معاملات کا جائزہ لے کر حقائق سامنے لائے گی اور اپنی سفارشات حکام کو پیش کرے گی۔








