پشاور میں قومی پیغامِ امن کمیٹی کانفرنس کا انعقاد،چیئرمین مولانا طاہر اشرفی سمیت خیبرپختونخوا سے تعلق رکھنے والے مختلف مکاتبِ فکر کے علماء و مشائخ سمیت گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی بھی کانفرنس میں شریک
پشاور: کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مولانا طاہر اشرفی نے ہر قسم کی دہشتگردی، انتہاپسندی اور خودکش حملوں کی دوٹوک الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ وطن کا دفاع کرنے والوں اور شہداء کو سلام پیش کرتے ہیں، ہمارے شہداء ہمارے سر کا تاج ہیں اور ہم ان کے اہلِ خانہ کے ساتھ کھڑے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جو شخص بھی پیغامِ پاکستان کی خلاف ورزی کرے گا، ہم اس کے ساتھ کھڑے نہیں ہوں گے۔ سوشل میڈیا پر بھی قابو پانے کے لیے بھرپور کوششیں جاری ہیں، جبکہ گزشتہ دنوں ایک ٹی وی پر دکھائے جانے والے معاملے پر ملکی اداروں نے فوری کارروائی کی۔
مولانا طاہر اشرفی کا کہنا تھا کہ مدارس کو درپیش مسائل کے حل کے لیے دن رات کوششیں جاری ہیں، وہ خود بھی ایک دینی مدرسے کے طالب علم ہیں۔ ملک میں امن کے قیام کے لیے جہاں بھی جانا پڑا، جائیں گے اور امن کے لیے اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔
انہوں نے کہا کہ خطے میں جاری جنگ سے بچانے میں ملک کی قیادت نے اہم کردار ادا کیا، جبکہ اسرائیل کے عزائم سب کے سامنے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ملک کے امن اور استحکام کے لیے تمام مکاتبِ فکر کو متحد ہوکر اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔








