وزیراعظم کی قومی ڈیجیٹل وژن پر عملدرآمد تیز کرنے کی ہدایت
اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت قومی مربوط ڈیجیٹل پالیسی فریم ورک پر عملدرآمد سے متعلق اہم اجلاس ہوا، جس میں ڈیجیٹل گورننس، ڈیجیٹل معیشت اور شہری سہولیات کے فروغ کے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔
وزیراعظم نے نیشنل ڈیٹا سینٹر ’’اسکائی 47‘‘ کی سہولیات تمام وفاقی اداروں کو فراہم کرنے کے لیے فوری اقدامات کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ قومی سطح پر مربوط ڈیٹا سینٹر تمام سرکاری اداروں کا ڈیٹا ایک ہی پلیٹ فارم پر محفوظ کرے گا، جس سے مختلف اداروں کے الگ الگ ڈیٹا سینٹرز کے قیام سے گریز اور قومی وسائل کی بچت ممکن ہوگی۔
شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان ڈیجیٹل اتھارٹی حکومتی خدمات اور شہری سہولیات کی فراہمی کے لیے مؤثر سمت متعین کر رہی ہے، جبکہ قومی ڈیجیٹل وژن کا نفاذ جدید اور مربوط معاشرے کی تشکیل میں اہم کردار ادا کرے گا۔
وزیراعظم نے ڈیجیٹل معیشت، ڈیجیٹل شہری سہولیات اور حکومتی خدمات کے فروغ کے لیے جاری اقدامات کو سراہتے ہوئے ہدایت کی کہ قومی مربوط ڈیجیٹل پالیسی کے تحت عالمی شراکت داری کو فروغ دیا جائے اور عالمی فورمز پر پاکستان کی مؤثر نمائندگی یقینی بنائی جائے۔
انہوں نے کہا کہ قومی ڈیجیٹل وژن کا اطلاق صحت، زراعت، یوٹیلیٹیز، ہاؤسنگ اور چھوٹے و درمیانے درجے کے صنعتی و تجارتی اداروں سمیت مختلف شعبوں میں کیا جائے تاکہ عوام کو جدید اور مؤثر سہولیات فراہم کی جاسکیں۔
وزیراعظم نے ہدایت کی کہ عوام کو بہتر ڈیجیٹل سہولیات جلد از جلد فراہم کی جائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ڈیجیٹل شناخت کے ذریعے شہریوں کو مختلف سرکاری خدمات ایک ہی پلیٹ فارم پر دستیاب ہوں گی۔
اجلاس میں نیشنل ڈیجیٹل کمیشن کا اجلاس جلد طلب کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا تاکہ صوبوں اور دیگر شراکت داروں کو اعتماد میں لے کر قومی ڈیجیٹل پالیسی پر عملدرآمد مزید تیز کیا جاسکے۔







