یو اے ای کا پاکستانیوں کے لیے بڑا فیصلہ، ورک ویزے کے لیے پولیس کریکٹر سرٹیفکیٹ لازمی قرار

یو اے ای کا پاکستانیوں کے لیے بڑا فیصلہ، ورک ویزے کے لیے پولیس کریکٹر سرٹیفکیٹ لازمی قرار

متحدہ عرب امارات (یو اے ای) جانے کے خواہشمند پاکستانیوں کے لیے اہم خبر سامنے آگئی ہے۔ حکومتِ یو اے ای نے پاکستانی شہریوں کے لیے ورک ویزے کے حصول کی شرائط میں نئی تبدیلی کرتے ہوئے پولیس کریکٹر سرٹیفکیٹ (گڈ کنڈکٹ سرٹیفکیٹ) کو لازمی قرار دے دیا ہے۔ نئی پالیسی پر 20 جولائی 2026 سے باقاعدہ عملدرآمد بھی شروع ہو چکا ہے۔

متحدہ عرب امارات میں اس وقت لاکھوں پاکستانی مختلف شعبوں میں خدمات انجام دے رہے ہیں، جبکہ ہر سال ہزاروں افراد بہتر روزگار کے مواقع کی تلاش میں یو اے ای کا رخ کرتے ہیں۔ نئی شرط کے تحت اب تمام پاکستانی درخواست گزاروں کو ورک ویزے کی درخواست جمع کرانے سے پہلے پولیس کریکٹر سرٹیفکیٹ حاصل کرنا ہوگا۔

بیورو آف امیگریشن اینڈ اوورسیز ایمپلائمنٹ اسلام آباد کے مطابق گڈ کنڈکٹ سرٹیفکیٹ پاکستان میں متعلقہ پولیس یا مجاز ادارے سے حاصل کیا جائے گا، جس کے بعد اس کی پاکستان میں موجود متحدہ عرب امارات کے سفارتخانے سے تصدیق بھی ضروری ہوگی۔ اس کے بغیر ورک ویزے کی درخواست مکمل تصور نہیں کی جائے گی۔

حکام کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا مقصد ویزا نظام کو مزید شفاف اور محفوظ بنانا ہے، تاکہ صرف ایسے افراد کو ملازمت کے لیے یو اے ای آنے کی اجازت دی جائے جن کا ریکارڈ صاف ہو۔ اس پالیسی سے دونوں ممالک کے درمیان افرادی قوت کی منتقلی کے نظام کو مزید مؤثر بنانے میں بھی مدد ملے گی۔

بیورو آف امیگریشن نے بیرون ملک ملازمت کے خواہشمند پاکستانیوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ ویزا درخواست جمع کرانے سے پہلے پولیس کریکٹر سرٹیفکیٹ حاصل کرنے اور اس کی سفارتخانے سے تصدیق کرانے کا عمل مکمل کریں۔ حکام کے مطابق اگر یہ دستاویز پہلے سے تیار نہ ہو تو ویزا درخواست میں تاخیر یا دیگر پیچیدگیوں کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ یو اے ای میں ملازمت کے خواہشمند افراد کو نئی ہدایات پر مکمل عمل کرنا چاہیے تاکہ ان کے ویزا پراسیس میں کسی قسم کی رکاوٹ پیش نہ آئے اور وہ بروقت اپنی ملازمت کے لیے روانہ ہو سکیں۔

More News