خیبرپختونخوا کے اسکولوں کی بڑی جانچ شروع، ضلعی تعلیمی افسران کو ہدایات جاری
پشاور: محکمہ ابتدائی و ثانوی تعلیم خیبرپختونخوا نے صوبے کے مختلف اضلاع میں یونیسیف کے تعاون سے جاری تعلیمی منصوبوں کی تھرڈ پارٹی جانچ (ویری فکیشن) کا عمل شروع کر دیا ہے، جس کے لیے تمام ضلعی تعلیمی افسران کو ضروری ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔
ڈائریکٹوریٹ آف ایلیمنٹری اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن کی جانب سے جاری مراسلے کے مطابق پیرنٹ ٹیچر کونسلز، اسکول ڈویلپمنٹ پلانز، ایکسلریٹڈ لرننگ پروگرام اور ابتدائی بچپن کی تعلیم سے متعلق منصوبوں کا تفصیلی جائزہ لیا جائے گا۔
محکمہ تعلیم نے ہدایت کی ہے کہ ویری فکیشن ٹیموں کو اسکولوں کے دوروں کے دوران ہر ممکن سہولت فراہم کی جائے، تمام متعلقہ ریکارڈ تک رسائی دی جائے اور ضرورت پڑنے پر فوکل پرسن بھی مقرر کیا جائے۔
مراسلے میں بتایا گیا ہے کہ جانچ کرنے والی ٹیمیں کلاس رومز کا معائنہ کریں گی، جبکہ ہیڈ ٹیچرز، اساتذہ، والدین، پیرنٹ ٹیچر کونسلوں کے اراکین اور محکمہ تعلیم کے حکام سے بھی ملاقاتیں کی جائیں گی۔
یہ جانچ باجوڑ، بنوں، بٹگرام، بونیر، ڈیرہ اسماعیل خان، اپر دیر، ہنگو، کرک، خیبر، کولائی پالس، کرم، لکی مروت، لوئر کوہستان، مہمند، شمالی وزیرستان، اورکزئی، شانگلہ، جنوبی وزیرستان، صوابی، سوات، ٹانک، تورغر اور اپر کوہستان سمیت مختلف اضلاع میں کی جائے گی۔
محکمہ تعلیم کے مطابق اس عمل کا مقصد تعلیمی منصوبوں پر عمل درآمد، شفافیت اور ان کی افادیت کا جائزہ لینا ہے تاکہ نظامِ تعلیم کو مزید مؤثر بنایا جا سکے۔








