فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا پاک چین دفاعی تعاون پر زور
راولپنڈی: فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ پاکستان کی مسلح افواج اور چین کی پیپلز لبریشن آرمی حقیقی شراکت دار ہیں اور دونوں ممالک خطے میں امن، استحکام اور مشترکہ مفادات کے تحفظ کے لیے قریبی تعاون جاری رکھے ہوئے ہیں۔
پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق جنرل ہیڈ کوارٹرز راولپنڈی میں چین کی پیپلز لبریشن آرمی کے قیام کی ننانوے ویں سالگرہ کے موقع پر ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا۔
تقریب میں پاکستان میں چین کے سفیر جیانگ زائی ڈونگ، چینی دفاعی اتاشی میجر جنرل وانگ ژونگ، چینی سفارت خانے کے حکام اور پاکستان کی مسلح افواج کے اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔
اس موقع پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے چینی فوج کو اس کی ننانوے ویں سالگرہ پر مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا کہ چین کی مسلح افواج نے قومی دفاع کے ساتھ ساتھ عالمی امن اور علاقائی استحکام کے فروغ میں بھی اہم کردار ادا کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین کے درمیان تعلقات باہمی اعتماد، احترام اور مشترکہ مفادات کی بنیاد پر قائم ہیں اور بدلتے ہوئے حالات کے باوجود دونوں ممالک کی دوستی مزید مضبوط ہوئی ہے۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک کے درمیان عسکری تعاون صرف دفاعی شعبے تک محدود نہیں بلکہ انسدادِ دہشت گردی، عسکری تربیت، مشترکہ مشقوں اور جدید دفاعی ٹیکنالوجی کے شعبوں تک پھیلا ہوا ہے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چینی سفیر جیانگ زائی ڈونگ نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی قربانیوں کو سراہا اور دونوں ممالک کے درمیان اسٹریٹجک تعاون کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔








