پاکستان میں ایچ آئی وی سے متاثرہ بچوں کی تعداد ساڑھے 7 ہزار تک پہنچ گئی

پاکستان میں ایچ آئی وی سے متاثرہ بچوں کی تعداد ساڑھے 7 ہزار تک پہنچ گئی

اسلام آباد: وفاقی وزارتِ صحت کے اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں ایچ آئی وی سے متاثرہ بچوں کی تعداد تقریباً ساڑھے 7 ہزار تک پہنچ گئی ہے، جبکہ زیرِ علاج مریضوں کی مجموعی تعداد 62 ہزار کے لگ بھگ ہے۔

اعداد و شمار کے مطابق ملک بھر میں زیرِ علاج ایچ آئی وی مریضوں میں بچوں کا تناسب تقریباً 12 فیصد ہے، جبکہ صوبہ سندھ اس حوالے سے سب سے زیادہ متاثرہ علاقہ بن چکا ہے، جہاں تقریباً 4 ہزار 200 بچوں کی رجسٹریشن کی جا چکی ہے۔

حکام کے مطابق وفاقی حکومت نے متاثرہ بچوں کی غذائی ضروریات پوری کرنے کے لیے یونیسیف، ورلڈ فوڈ پروگرام، ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن اور نیوٹریشن انٹرنیشنل سے تعاون کی درخواست کی ہے۔

منصوبے کے تحت شدید غذائی قلت کا شکار بچوں کو خصوصی خوراک، غذائی سپلیمنٹس اور مسلسل طبی نگرانی فراہم کی جائے گی، جبکہ والدین اور تیمارداروں کو بھی ضروری رہنمائی دی جائے گی۔

طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ ایچ آئی وی سے متاثرہ بچوں کو عام بچوں کے مقابلے میں 10 سے 20 فیصد زیادہ توانائی اور پروٹین کی ضرورت ہوتی ہے، اس لیے متوازن غذا ان کے علاج میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔

ماہرین کے مطابق غذائی قلت پر قابو پا کر نہ صرف متاثرہ بچوں کی صحت بہتر بنائی جا سکتی ہے بلکہ علاج کے بہتر نتائج بھی حاصل کیے جا سکتے ہیں۔

More News