شہری جعلی ای چالان پیغامات سے ہوشیار رہیں، اسلام آباد ٹریفک پولیس کا انتباہ

شہری جعلی ای چالان پیغامات سے ہوشیار رہیں، اسلام آباد ٹریفک پولیس کا انتباہ

اسلام آباد ٹریفک پولیس نے شہریوں کو جعلی ای چالان پیغامات سے محتاط رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ سائبر فراڈ کے واقعات میں اضافے کے پیش نظر صرف سرکاری ذرائع پر ہی اعتماد کیا جائے۔

ٹریفک پولیس کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ شہری جعلی ویب سائٹس، مشکوک لنکس اور غیر مصدقہ پیغامات سے مکمل طور پر اجتناب کریں، کیونکہ دھوکا دہی میں ملوث عناصر عوام سے ذاتی معلومات اور مالی تفصیلات حاصل کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔

بیان کے مطابق جعلی ایس ایم ایس یا واٹس ایپ پیغامات میں موجود کسی بھی لنک پر کلک نہ کیا جائے اور نہ ہی اپنی ذاتی معلومات کسی کے ساتھ شیئر کی جائیں۔

اسلام آباد ٹریفک پولیس نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ مشکوک یا جعلی ای چالان کا پیغام موصول ہونے کی صورت میں فوری طور پر متعلقہ حکام یا ایف آئی اے کے سائبر کرائم ونگ سے رابطہ کیا جائے۔

پولیس کے مطابق ای چالان کی تصدیق صرف سرکاری ویب سائٹ کے ذریعے کی جانی چاہیے تاکہ کسی بھی قسم کے مالی نقصان یا دھوکا دہی سے بچا جا سکے۔

حکام نے شہریوں پر زور دیا ہے کہ وہ اپنی آن لائن سرگرمیوں میں احتیاط برتیں اور کسی بھی مشتبہ سرگرمی کی فوری اطلاع متعلقہ اداروں کو دیں۔

More News